Live Updates

عمران خان سیاسی جماعتوں کا کچرا اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں ، چوہدری محمد برجیس طاہر،

آزاد کشمیر اور جی بی میں عمران جیسے سیاسی مداریوں کی کوئی گنجائش نہیں،کشمیر کے بغیر نہ تو پاکستان کا جغرافیہ اور نہ ہی پاکستانیوں کا ایمان مکمل ہے ،مظفرا ٓباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو

جمعرات 5 فروری 2015 23:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ جو بھی کسی جماعت سے کچرا نکلتا ہے عمران خان اسے سمیٹنے کیلئے پہنچ جاتے ہیں۔ کشمیر شہیدوں، غازیوں اور مجاہدین کی سر زمین ہے وہا ں عمران جیسے سیاسی مداریوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ ۵ فروری کو جب پوری قوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی منا رہی ہے عمران خان فرشتہ صفت وزیر اعلیٰ شیر جہان میر پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف عمل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرا ٓباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزاد جموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بہت سمجھدار ہیں اس لیے وہ عمران خان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کشمیر سے والہانہ محبت کرتے تھے یہی وجہ ہے کہ کشمیر سے محبت ہر پاکستانی کے ایمان کا حصہ ہے۔

کشمیر کے بغیر نہ تو پاکستان کا جغرافیہ مکمل ہے اور نہ ہی پاکستانیوں کا ایمان۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اپنی شعبدہ بازی کے گُر دکھانے کیلئے پر تول رہے ہیں لیکن وہا ں انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سب پاکستانی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اس دن عمران خان دونوں خطوں میں سیاسی رنز سکور کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات