اقوام متحدہ کشمیر سمیت دنیابھرمیں مسلمانوں پر مظالم بندکرائے، جے یوپی (نورانی)،

ملیر میں شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی، علماء ومشائخ کی بڑی تعدادمیں شرکت، ہندوستان نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم وتشدداور بربریت کی انتہاکردی ہے، شہر بھر میں اجتماعات ومظاہروں سے مفتی رفیع الرحمٰن نورانی ودیگرعلماء کرام کاخطاب

جمعرات 5 فروری 2015 23:21

کراچی ( آ ن لائن ) ہندوستان نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم وتشدداور بربریت کی انتہاکردی ہے، اقوام متحدہ دنیابھر باالخصوص کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم بندکرائے،اوآئی سی کرداراداکرے اور مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرے۔ یہ باتیں جمعیت علماء پاکستان کراچی کے سینئر نائب صدر مفتی محمدرفیع الرحمٰن نورانی نے ملیر میں مولاناعبدالرزاق ہزاروی کے زیرصدارت شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب کے لئے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اجتماع میں پیر عبدالجبارچشتی، صاحبزادہ افتخاراحمدنقشبندی، صاحبزادہ فیض الرسول نورانی،مولاناعبداللہ کامل، علامہ نذیر نعیمی، مولانااشرف چشتی، میاں جمیل اور دیگر رہنماؤں سمیت علماء ومشائخ کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ جے یوپی کراچی کے سینئرنائب صدر مفتی رفیع الرحمٰن نورانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیری مسلمان ظلم برداشت کرنے کی تاریخ رقم کررہے ہیں،جب تک کشمیر کے عوام کو حق خوارادیت نہیں دیاجاتا خطے میں پائیدارامن کاخواب کبھی شرمندہء تعبیر نہیں ہوسکتا ،حکمران اقوام متحدہ کواس کی قرارداد کے مطابق کشمیر کے مسئلے کوحل کرانے میں کردار اداکریں۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء پاکستان کے تحت ملک بھر میں یوم یکجہتیء کشمیر منایاگیااس سلسلے میں کراچی میں بھی مختلف ٹاؤنزاور علاقوں میں اجتماعات اور مظاہرے کئے گئے جن سے خطاب کرتے ہوئے جے یوپی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمدشبیر ابوطالب، صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، جنرل سیکریٹری مفتی محمدبشیرالقادری نورانی ضیائی، علامہ عبدالغفاراویسی نورانی، علامہ خلیل احمدنورانی، علامہ عثمان غوری، مفتی نثاراحمدقادری، مفتی نورالہادی نعیمی، مولاناعبدالرحمٰن صابری، مولانامرزاشوکت حسین مغل، مولاناعبدالمتین نعیمی، مولانافیض مصطفےٰ شمس قادری، مفتی غلام مصطفےٰ سعیدی، مولاناقاری محمدادریس قاضی، مولانافدااحمدنعیمی، مولاناکبیر قادری، سردارنسیم یونس، مولانا منیر شاکرقادری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے کردار ادا کرے ۔

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کر رہی ہے لیکن ہمارے حکمران خاموش تماشائی کاکردار اداکرتے ہوئے ہندوستان سے دوستی کی پینگیں بڑھارہے ہیں ۔جے یوپی رہنماؤں نے کہاکہ ہم کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم وستم پر ہرگزخاموش نہیں رہ سکتے مسلم حکمران دنیابھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر یکجاہوکر آواز اٹھائیں اور مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم کو بندکروانے میں اپناکرداراداکریں۔

متعلقہ عنوان :