چشتیاں میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

جمعرات 5 فروری 2015 23:20

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) ملک بھر کی طرح چشتیاں میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں ۔ شرکاء ریلی نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف مطالبات اورنعرے درج تھے ۔اے سی آفس سے نکلنے والی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر وایڈمنسٹریٹرچوہدری ارشد محمود سندھو نے کی ۔ جس میں انجمن تاجران ، ٹی ایم اے چشتیاں ، محکمہ ایجوکیشن ، محکمہ ریونیو ، سول سوسائٹیز اور صحافتی تنظیموں نے شرکت کی۔

ریلی مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی ٹی ایم اے چشتیاں پہنچی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں ارشدمحمود سندھو نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کروایا جائے اور ان کو حق خود ارادیت دلوایا جائے اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا فی الفور نوٹس لے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دریں اثناء جماعت اسلامی چشتیاں کے زیر اہتمام مسجد الفاروق سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مقامی راہنما ناصر محمود گرو ،افتخار ندیم اور دیگران نے کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی چشتیاں کیوان کریم عباسی اور ایس ایچ او سٹی شفاقت علی ڈھلوں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موجود تھے ۔