پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین کی پاکستان کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی پروپیگنڈا مہم کی شدید الفاظ میں مذمت،

بھارتی میڈیا منہ میں رام رام بغل میں چھری کے مصداق خطے میں فتنہ و فساد پھیلانے کی بھارتی سرکارکا پردہ چاک کرے، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، شگفتہ جمانی ، شازیہ مری

جمعرات 5 فروری 2015 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ، شگفتہ جمانی اور شازیہ مری نے پاکستان کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی پروپیگنڈا مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ منہ میں رام رام بغل میں چھری کے مصداق خطے میں فتنہ و فساد پھیلانے کی بھارتی سرکارکا پردہ چاک کرے کیونکہ دنیا کی سب بڑی جمہوریت کے علمبردار بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی، خواتین اور اقلیتوں کو صفحہء ہستی سے مٹانے کے لئے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں انتہاپسند تنظیموں کی کاروائیاں اور غربت و افلاس میں ڈوبے ہوئے پچاس کروڑ سے زائد عوام کو ان کے حال پر چھوڑکر خطے میں اسلحہ کی دوڑ میں سبقت لے جانے کا جنون بھارت کو کہیں کا نہ چھوڑے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے بھارتی میڈیا کی جانب سے اس دعوی پر کہ چین اور روس دہشت گردی کے مسئلے پر پاکستان کے خلاف اقوام متحدہ میں متفقہ قرارداد پیش کرینگے اس صدی کا سب سے بڑا لطیفہ قراردیا اور کہا کہ ابھی حال ہی میں امریکی صدر باراک اوباما کے بھارت کے دورے کا جو مقصد تھا اس کا لب لباب صرف چین کی عالمی معیشت میں بڑھتی ہوئی ترقی سے امریکہ خود پریشان ہے جس کے لئے اسے بھارت جیسی بڑی تجارتی منڈی کی ضرورت ہے جبکہ بھارت چین کے خلاف امریکی عزائم کے لئے قربانی کا بکرا بننے کے لئے بے چین ہے جس کا نوٹس روس اور چین کی حکومتوں نے بخوبی لیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکی صدر کے دورہء بھارت کے فوراً بعد بھارت کو اپنا وزیر خارجہ کو وضاحت کے لئے چین بھیجنا پڑا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہی کا ہاتھ ہے جس سے عالمی برادری اور خود اقوام متحدہ پوری طرح باخبر ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا بھارتی عوام سے دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اسے مخمصے میں مبتلا کررہا ہے جس کا بھانڈا جلد ہی پھوٹنے والا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا غربت و افلاس کی چکی میں پسنے والے بھارتی عوام کو روٹی کے بدلے میزائل کھانے کا درس دے رہا ہے اور خطے میں بھارتی بالادستی کا سہانا خواب دکھاکر گمراہ کررہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹرٹیجک حیثیت سے پوری دنیا واقف ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے کر بھارت خود کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے لیکن اسے اس بھیانک غلطی کا ادراک ہی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا بھارت میں علیحدگی پسندوں کی کاروائیاں بھارتی میڈیا کی نظروں سے تو اوجھل رہ سکتی ہیں لیکن انفارمیشن ٹیلکنالوجی کے اس دور میں اسے دنیا کی نظروں سے چھپائے رکھنا ناممکن ہے لہذا بھارتی میڈیا کو چاہئیے کہ وہ بھارتی عوام کو سچ بتانے کی جرائت اپنے اندر پیدا کرے۔

متعلقہ عنوان :