پہلا گورنر گولڈ کا فائنل آج خیبرایجنسی اور ٹانک ڈسٹرکٹ کے مابین ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں کھیلاجائے گا

بدھ 4 فروری 2015 23:35

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) پہلا گورنر گولڈ کا فائنل آج خیبرایجنسی اور ٹانک ڈسٹرکٹ کے مابین ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں کھیلاجائے گا، خیبرایجنسی نے باجوڑ ایجنسی جبکہ ٹانک نے ساؤتھ وزیرستان کو شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس و یوتھ آفیئرز خیبرپختونخواآفتاب اکبر درانی مہمان خصوصی تھے جن کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اور گروپ فوٹونکالے ،ان کے ہمراہ فاٹا ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئر مین شاہد خان شنواری، فاٹا ریجن کے صدر نوراالحق بلوچ، پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدرملک فرمان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھے ۔

فاٹا ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد پہلا سیمی فائنل خیبرایجنسی ریڈ اور باجوڑ ایجنسی کے مابین کھیلاگیا جس میں خیبرایجنسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ بیس اوورز میں 235 رنزبنائے جس میں سعید چوالیس، سمیع بیالیس اور آصف بائیس رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے باجوڑ ایجنسی کی طرف سے عرفان اور عطاالرحمان نے دو دو جبکہ برہان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں باجوڑ ایجنسی کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 178 رنز بناسکی ۔ جس میں برہان الدین 42 ولایت 41 اورامتیاز 21 رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے خیبرایجنسی کی طرف سے آصف نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔جبکہ سمیع ، قسمت شیر اور ساجد نے ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ٹانک اور ساؤتھ وزیر ستان ایجنسی کے مابین کھیلاگیا جس میں ٹانک نے پہلے کھیلتے ہوئے مقرررہ اوورز میں 216 رنزبنائے جس میں نیک زمان 43 ،نثار38 اورلیاقت 28 رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے ۔

جواب میں ساؤتھ وزیر ستان ایجنسی کی ٹیم 168 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی نوید 42 ، حافظ الله34 ،اعظم پچیس رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے ، ٹانک کی طرف سے کفایت نے تین ، ہارون اور نوید نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس آفتاب اکبر درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا میں کرکٹ کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے جو کہ انٹر نیشنل سطح پر ملک وقوم کانام روشن کرسکتے ہیں ضرور اس امر کی ہے کہ ان کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل خیبرپختونخوا فاٹا میں کھیلوں کے فروغ میں اہم رول ادا کررہا ہے انہوں نے فاٹا ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئر مین شاہد خان شنواری کو اپنی طرف سے فاٹا میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔