وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کا پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کا دورہ

بدھ 4 فروری 2015 23:32

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) قائم مقام چیف جسٹس فیڈ رل شریعت کورٹ آف پاکستان مسٹر جسٹس ڈاکٹر فدا محمد خان نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کا دورہ کیا، اس موقع پر وفاقی شرعی عدالت کے مسٹر جسٹس شیخ نجم الحسن بھی فاضل چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل سید خورشید انور رضوی نے معزز مہانوں کو خوش آمدید کہا،گلدستے پیش کئے اور انہیں اکیڈمی کے آڈیٹوریم، آئی ٹی لیب، لائبریری، کانفرنس روم، میس اور کلاس رومز کا دورہ کروایا ۔

ڈائریکٹرجنرل نے فاضل چیف جسٹس کو اکیڈمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور جنرل ٹریننگ پروگرام 2015 کے مختلف پہلوؤں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔واضع رہے کہ جنرل ٹریننگ پروگرام کا بنیادی مقصد ضلعی عدلیہ کے ججوں کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ کرنا اور فراہمی انصاف پر اثر انداز ہونے والی معاشرتی تبدیلیوں اور نئے قوانین سے آگاہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ پروگرام کے تحت پنجاب کے ہر جوڈیشل افسر کو سال2015 میں تر بیت کا موقع ملے گا جس سے صوبے کے تمام عدالتی افسران مستفید ہو سکیں گے۔

مذکورہ پروگرام کی غرض سے سال2015 کیلئے تربیتی کیلنڈر بنایا گیا ہے اور ضلعی عدلیہ کے تمام جوڈیشل افسران اپنے تربیتی پروگرام کے دورا نیے سے آگاہ ہیں۔ اس مناسبت سے اپنے مقدمات کی تاریخیں اس عرصہ میں نہیں دیں گے اور زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹائیں گے ، جس سے عدالتی کام متاثر نہیں ہوگا اور قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنے میں کوئی دشواری حائل نہیں ہوگی۔ بعدا زاں جسٹس ڈاکٹر فدا محمد خان اور جسٹس شیخ نجم الحسن کو اکیڈمی کی جانب سے شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :