پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات خیبرپختونخوا میں ایک لینڈکروزر گاڑی اور دیگر قیمتی سامان کی چوری کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایم پی اے مفتی سید جانان کی قیادت میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی

بدھ 4 فروری 2015 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) صوبائی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات خیبرپختونخوا میں ایک لینڈکروزر گاڑی اور دیگر قیمتی سامان کی چوری کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایم پی اے مفتی سید جانان کی قیادت میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ محمود خان بھٹنی اس کمیٹی کے رکن ہوں گے ۔کمیٹی کا اجلاس اسمبلی سیکرٹریٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔

صوبائی اسمبلی کے رکن سید جعفر شاہ نے صدارت کی اجلاس میں مفتی سید جانان، محمود خان بھٹنی اور ارباب اکبرحیات خان نے شرکت کی ۔اجلاس میں سال 2011-12 سے متعلق پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مختلف آڈٹ اعتراضات پر تفصیلی بحث کے دوران کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سال 2007-08 کے دوران محکمے کی ایک لینڈکروزر اور دیگر قیمتی سامان کی چوری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس بارے میں ہونے والی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور معاملے کی تفصیلی چھان بین کے لئے ایک تحقیقاتی کمیٹی کا اعلان کیا جبکہ قانون اور آڈٹ سمیت مختلف دیگر محکمے کمیٹی کی معاونت کریں گے اس موقع پر کمیٹی کو بتایا گیا کہ متعلقہ ذمہ داران کے خلاف پہلے ہی تھانے میں ایف آئی آر درج ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ پی اینڈڈی میں سنگین بے قاعدگیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مختلف ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سید جعفر شاہ نے واضح کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی مختلف محکموں کی جانب سے مسلسل سنگین مالی بے ضابطگیوں کو ہرگز برداشت نہیں کرسکتی اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی امان اللہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری امجد علی خان، ڈپٹی سیکرٹری انعام اللہ خان ، اسسٹنٹ سیکرٹری حارث خان،ڈائریکٹر آڈٹ لعل محمد خان، آڈٹ آفیسر زشمس الحق ، ربنواز خان، ڈائریکٹر فنانس ، ڈپٹی سیکرٹری قانون مسعود الحسن ، ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی عصمت اللہ شاہ ، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو منیل حسن ، ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو ، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کوہاٹ جمشید علی خان اور اسسٹنٹ چیف پی اینڈ ڈی بادشاہ گل نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :