سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پیسکو کے حکام کا اعلیٰ سطحی اجلاس،

تربیلہ سے صوابی ہائی پاور ٹرانسمشن لائن پر کام مکمل کرکے مارچ 2015 کے پہلے ہفتے میں صوابی کو بجلی کی ترسیل شروع کردی جائیگی، پیسکو حکام

بدھ 4 فروری 2015 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) پیسکو حکام نے یقین دہانی کروئی کہ تربیلہ سے صوابی ہائی پاور ٹرانسمشن لائن پر کام مکمل کرکے مارچ 2015 کے پہلے ہفتے میں صوابی کو بجلی کی ترسیل شروع کردی جائیگی ۔صوابی میں بجلی کے منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء کے متعلق گمراہ کن خبر کی اشاعت پر پیسکو حکام کی معذرت۔ سپیکر کے تعاون کے بغیر ضلع صوابی میں بجلی کے منصوبوں کو قابل عمل بنانا ممکن نہیں ۔

پیسکو حکام۔سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کے کانفرنس روم میں پیسکو حکام کا ایک اعلیٰ اسطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم پی اے شیراز خان ، چیف انجنیئر پیسکو امجد خان ، جنہوں نے پیسکو چیف کی نمائندگی کی، کے علاوہ ضلع صوابی اور پیسکو ہیڈکوارٹر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اس موقع پر عمائدین صوابی حاجی رنگیز خان ، سہیل خان یوسفزئی، عبدالستار ٹانکوی ، جاوید خان کوٹھا اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع صوابی کو بجلی کی ترسیل کے ضمن میں تربیلہ سے منسلک کرنے سمیت بجلی کے حوالے سے ضلع صوابی کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی جس میں کم وولٹیج کے خاتمے اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو کم سے کم کرنے سے متعلق سپیکراسد قیصر کی ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا اعادہ کیا گیا ۔قبل ازیں ضلع صوابی میں بجلی کے منصوبوں کے لئے فنڈنگ کے حوالے سے مقامی اخبار میں شائع شدہ خبر سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے چیف انجنیئر ، جو کہ پیسکو چیف کی نمائندگی کررہے تھے ، نے خبر کی اشاعت پر انتہائی معذرت کی اور مذکوہ خبر کو گمراہ کن قراردیا ۔

چیف انجنیئر نے سپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ چیف پیسکو کے علم میں لا کر مذکوہ گمراہ کن خبر میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے کاروائی عمل میں لانے کے لئے اقدامات کریں چیف انجنیئر نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع صوابی میں بجلی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے حا ل ہی میں سپیکر اسد قیصرنے دس کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ اجلاس میں انہوں نے برملا کہا کہ سپیکر کے تعاون کے بغیر مذکورہ ضلع میں بجلی کے منصوبوں کو قابل عمل بنانا ناممکن ہے ۔

سپیکر نے پیسکو حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تربیلہ صوابی ٹرانسمشن لائن کے کام کو جلد از پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور آئندہ گرمیوں میں کم وولٹیج کے خاتمہ اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو کم سے کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو سرکاری حکام سے بروقت حل کروانا بحیثیت عوامی نمائندہ میرے فرائض اولین میں شامل ہے جس میں نہ میں کوتاہی کروں گا اور نہ ہی کسی بھی جانب سے کی گئی کوتاہی قابل قبول ہوگی۔

اجلاس میں پیسکو حکام نے سپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ چھوٹا لاہور کے بجلی فیڈر کو 15 مئی 2015 تک قابل عمل بناکر بجلی کی ترسیل کا کام شروع کردیا جائیگا جس سے کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہونے میں مدد ملے گی ۔تربیلہ سے مرغز اور ٹھنڈ کوئی کو بجلی کی سپلائی کا اجراء کرنے کے کام کو مزید تیز تر کردیا گیا ہے۔ 50kv کے 9 عدد اور 100kv کے 5 عدد ٹرانسفارمرز 12 فروری 2015 تک ریلیز کردیئے جائیں گے جبکہ خراب شدہ ٹرانسفارمرز کی مرحلہ وار بحالی جلد شروع کر دی جائے گی اس کے علاوہ بجلی کے پولوں کی فراہمی بھی مرحلہ وار شروع کردی جائیگی۔نیززیدہ فیڈر پر بھی کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے ۔