ضلع میں کچی آبادیوں میں عمارتوں کا فوری طور پر سروے کرائیں ،غیر قانونی زیر تعمیر عمارتوں کا کام بند کرانے کو یقینی بنایا جائے،سید آصف حیدر شاہ

بدھ 4 فروری 2015 23:04

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سید آصف حیدر شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں کچی آبادیوں میں عمارتوں کا فوری طور پر سروے کرائیں اور وہاں غیر قانونی زیر تعمیر عمارتوں کا کام بند کرانے کو یقینی بنایا جائے، شہر میں موجود 350سے زائد خستہ حال عمارتوں کے مکینوں کو عمارات خالی کرانے کیلئے نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ کسی بھی حادثے سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔

وہ چوڑی مارکیٹ الیاس آباد کالونی میں منہدم عمارت کی انکوائری کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنرز ون سجاد حیدر ، ایڈیشنل کمشنر ٹوعابد سلیم قریشی، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد ، ڈی جی ایچ ڈی اے ،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور محکمہ بلڈنگ سندھ حیدرآباد کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر آصف حیدر شاہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی اوراسے ہدایت کی کہ وہ بغیر این او سی حاصل کیے تعمیر ہو نے والی عمارات کا سروے کر کے جلد اسکی رپورٹ انہیں پیش کریں، انہوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسرا ن کو ہدایت کی وہ ماہ ستمبر کے بعد جاری کردہ بلڈنگ پلان کا ریکارڈ ، این او سی اور بلڈنگ کے نقشوں سمیت مطلوبہ معلومات ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے آفس میں جمع کرائیں تاکہ متعلقہ افسران کی انکوائری کے تحت سہولتوں کی فراہمی کو مد نظر رکھتے ہوئے کچی آبادیوں میں زیر تعمیر عمارتوں کی نگرانی کی جا سکے، انہوں نے کہا کہ شہر میں مذکورہ 350سے زائد خستہ حال عمارتوں کے مکینوں کو عمارات خالی کرانے کیلئے تمام قانونی ضروریات پوری کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ کسی بھی حادثے سے انسانی قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔