میونسپل ٹریڈ یونین الائنس ساؤتھ کے وفد نے ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ افضل زیدی سے کنیز فاطمہ کی قیادت میں ملاقات کی

بدھ 4 فروری 2015 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) میونسپل ٹریڈ یونین الائنس ساؤتھ کے ایک وفد نے ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ افضل زیدی سے محترمہ کنیز فاطمہ کی قیادت میں ملاقات کی وفد میں الائنس کے صدر ذوالفقار شاہ ، جنرل سیکریٹری لالارؤف، لیاری زون کے طاہر رحمانی، کیماڑی زون کے نزیر جسکانی، ہارون حسن، جمشید زون کے ملک ایاز، صدر زون کے پرویز جدون نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر محترمہ کنیز فاطمہ نے ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ کو لیاری اور صدرزونز ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور انکی 3 ماہ سے رکی ہوئی تنخواہوں سے پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ الائنس کے صدر ذوالفقار شاہ نے صدر اور لیاری زونز کے ملازمین کو مسلسل تنخواہوں سے محروم کرنے پر سخت احتجاج کیا اور کہا کہ آنے والے OZT فنڈز اور پراپرٹی ٹیکس کی رقومات کو صرف ملازمین کی تنخواہوں کیلئے خرچ کیا جائے اس کے علاوہ کسی قسم کی غیر قانونی ادائیگی کی گئی تو نا صرف عدالت جائیں گے بلکہ تمام یونینز کے ساتھ ملکر پورے کراچی میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی بند کردیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ساؤتھ افضل زیدی نے تمام وفد کو بھرپور یقین دہانی کرائی کہ اس بار لیاری اور صدر زونز کے ملازمین کی تمام تنخواہیں ہر حال میں ادا کریں گے۔