400 ارب روپے کے منصوبے بناؤ چلاؤ اور حوالے کرو کی بنیاد پر مکمل کر نے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں ،چیئرین این ایچ اے ،

نجی شعبوں کی شراکت داری سے منصوبے چار سال کی مدت میں مکمل کئے جائیں گے، شاہد اشرف تارڑ ، این ایچ اے ورڈ ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام کی راہ ہموار ہو رہی ہے ، ترقیاتی منصوبوں کے اجراء کیلئے خود انحصاری ایک خوش آئند قدم ہے اجلاس سے خطاب

بدھ 4 فروری 2015 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء)نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ اتھارٹی 400 ارب روپے کے منصوبے سرکاری اور نجی شعبوں کی شراکت داری سے بناؤ چلاؤ اور حوالے کرو کی بنیاد پر مکمل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، منصوبے چار سال کی مدت میں مکمل کئے جائیں گے۔ وہ این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں 243ویں ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر جملہ ممبران کے علاوہ محمد سلیم بھٹی آئی جی موٹر وے، وقار احمد جائنٹ سیکرٹری وزارت خزانہ، منیر احمد انجم ٹیکنیکل چیف پلاننگ کمیشن، رضوان ملک جائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات، قاضی افتخار احمد نیسپاک، آمنہ عمران خان سربراہ این ٹی سی سمیت دیگر اعلی حکام موجود تھے۔

اجلاس میں این ایچ اے کے منصوبوں کے مسودات کو منظوری کیلئے پیش کیا گیا جبکہ سالانہ مرمتی پروگرام سال 2014-15 کے ورکنگ پیپر کو منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو بورڈ کو سالانہ روڈ مرمتی پروگرام 2014-15 کی بریفنگ دیتے ہوئے اکرام الثقلین حیدر نے بتایا کہ ساڑھے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ پنجاب نارتھ کیلئے مجموعی طور پر 4 ارب 24 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 30 سکیموں کیلئے 25 کروڑ 60 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔

صوبہ سندھ کی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کی مد میں سندھ نارتھ کیلئے ایک ارب 70 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 51 سکیموں کیلئے 25 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سندھ ساؤتھ کا مجموعی بجٹ ایک ارب 54 کروڑ 50 لاکھ روپے تجویز کیا گیا ہے۔ کے پی کے کی شاہراہوں کے سالانہ مرمتی پروگرام کیلئے ایک ارب 97 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں اور 77 سکیموں کیلئے 47 کروڑ 60 لاکھ روپے، فنکشنل انفراسٹرکچر اور بحالی کی سکیموں سے متعلق ایک ارب 43 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

صوبہ بلوچستان کی شاہراہوں کے مرمتی پروگرام کے تحت بلوچستان نارتھ کیلئے مجموعی بجٹ 2 ارب 37 کروڑ روپے رکھا گیا ہے جبکہ 69 نئی سکیموں کیلئے 59 کروڑ 80 لاکھ روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں جبکہ بلوچستان ساؤتھ کیلئے ایک ارب 30 کروڑ روپے بجٹ رکھا گیا ہے جبکہ 28 نئی سکیموں کیلئے 16 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان و بشمول ناردرن ایریاز کیلئے سالانہ مرمتی پروگرام میں ایک ارب 49 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 19 نئی سکیموں کیلئے 31 کروڑ 30 لاکھ روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں۔

موٹروے نیٹ ورک M-1 اور M-3 کیلئے 88 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 27 نئی سکیموں کیلئے 18 کروڑ 70 لاکھ روپے سمیت ایگزیکٹو بورڈ نے مجموعی طور پر سالانہ مرمتی پروگرام 2014-15 کی منظوری دی جبکہ کراچی۔حیدر آباد چار لین شاہراہ کو چھ لین موٹر وے M-9 کو بناؤ، چلاؤ، حوالے کرو کی بنیاد پر پایہ تکمیل ہونے کے بار یمیں مکمل رپورٹ پیش کی گئی۔ این ایچ اے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ این ایچ اے ملازمین کی ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں، موجودہ حکومت شاہراہوں کی توسیع اور ان کی عالمی معیار کے مطابق تکمیل کا عزم رکھتی ہے اور مستقبل قریب میں این ایچ اے شاہراتی نیٹ ورک کو بناؤ، چلاؤ، حوالے کرو کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ این ایچ اے ورڈ ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے اجراء کیلئے خود انحصاری ایک خوش آئند قدم ہے، باہمی خود اعتمادی، عزم اور نئے جذبوں کے ساتھ ملکی ترقی کی خوشحالی کیلئے آگے بڑھتے رہیں گے۔ این ایچ اے کے تنظیمی اور انتظامی امور کو گڈ گورننس سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے جبکہ تعمیراتی عمل کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے عملاً کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں تاکہ شفاف انداز سے تعمیراتی عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی شاہراہوں پر بل بورڈ اور اشتہاری نیون سائن بورڈ کی تنصیبات سے این ایچ اے کے ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا اور اس ضمن میں ایڈورٹائزنگ پالیسی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔