بھارتی جیلوں میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے نوجوان محض انتقام گیری کا نشانہ بنے ہوئے ہیں‘ فریدہ بہن جی،

عالمیبرادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے‘ بیان

منگل 3 فروری 2015 23:37

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر خاتون رہنما اور جموں کشمیر ماس موومنٹ کی سربراہی فریدہ بہن جی نے بھارت کی جیلوں تہار اور راجستھان میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے علی محمد بٹ عرف کلے‘ جاوید احمد خان‘ لطیف احمد واجہ‘ عبدالغنی گھونی‘ مرزا نثار حسینا ور شمشاد عالم علی کے ساتھ اپنی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حریت پسندوں نے جموں کشمیر کی آزادی کے لئے تحریک مزاحمت میں سرگرم کردار ادا کیا اور حریت پسندی کے جرم بے گناہی کی پاداش میں انہیں گرفتار کر کے محض انتقام گیری کے تحت عمر قید کی سزا دی گئی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے ان کی اور تمام محبوس حریت پسندوں کی فوری رہائی کی دعا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علی محمد کلے کا والد محترم اس وقت نہایت ہی علیل ہیں اور اپنے محبوس بیٹے کی راہ دیکھ رہے ہیں تاکہ موت سے قبل اپنے بیٹے کا دیدار کر سکے۔ انہوں نے کہا اسی طرح جاوید احمد خان کی نانی بھی رحمت حق ہو گئی اور وہ بھی آخری لمحے تک جاوید کی راہ تک رہی تھی۔ اسی طرح لطیف احمد واجہ کا والد گرامی اپنے بیٹے کی جدائی میں روتے روتے اللہ کو پیارے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔