Live Updates

” معاملات طے“،بیرسٹر سلطان (کل)تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے،

دیگر اہم شخصیات کی بھی شمولیت متوقع،شاندار تقریب کیلئے ہال کی بکنگ کر الی گئی،آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی تنظیم سازی کی ذمہ داری ملنے کا امکان

منگل 3 فروری 2015 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) تحریک انصاف سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان کے معاملات طے پا گئے ہیں اور بیرسٹر سلطان (کل) پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت عمران خان کی موجودگی میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرینگے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت اور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان کے درمیان تمام سیاسی امور پر بات چیت مکمل ہوگئی ہے اور بیرسٹر سلطان کل جمعرات پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شامل ہوجائینگے ۔

بیرسٹر سلطان کے ہمراہ آزاد کشمیر کی کئی اہم سیاسی شخصیات بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرینگی ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کل جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں راول ڈیم کے قریب ایک ٹیلپ ہال میں شاندار تقریب کیلئے بکنگ کروائی گئی ہے ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ بیرسٹر سلطان اس موقع پر ممکنہ طور پر پا کستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کرسکتے ہیں ۔

بیرسٹر سلطان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے ایک درجن سے زائد ممبران کی بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کی توقع کی جارہی ہے ۔ بیرسٹر سلطان اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان رابطوں کے بعد پہلے ہی آزاد کشمیر کی سیاست میں کافی ہلچل مچی ہوئی ہے اور بیرسٹر سلطان پیپلز پارٹی کے صف اول کے لیڈر شمار ہوتے ہیں ۔ بیرسٹر سلطان کی تحریک انصاف میں شمولیت سے ایک طرف پیپلز پارٹی کا بڑا نقصان ہوگا جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ میں بھی دراڑیں پڑ چکی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے باغی اراکین چوہدری اسماعیل ، چوہدری عزیز اور یاسین بنگش بھی تحریک انصاف سے رابطے میں ہیں ۔ بیرسٹر سلطان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں بیرسٹر سلطان کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوجائے گا کیونکہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی تنظیم سازی بھی انہی کے کندھوں پر ہوگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات