سی ڈی اے نے سیکٹرE-12میں خصوصی آپریشن کر کے 300کنال اراضی کا قبضہ لے لیا

منگل 3 فروری 2015 23:33

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء ) سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹرE-12میں خصوصی آپریشن کر کے 300کنال اراضی کا قبضہ لے لیا ہے ۔ اس آپریشن میں سی ڈی اے کے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی بھاری مشینری استعمال کی گئی جبکہ سی ڈی اے کے لینڈ ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور عملے نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا۔سی ڈی اے کی کوششوں کے باعث اب تک سیکٹرE-12کی 1200کنال سرکاری اراضی حاصل کی جا چکی ہے جس کے بعد سیکٹر E-12میں سروس روڈ کی تعمیر کے علاوہ مرکز اورایک سب سیکٹر E-12/2میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیزی سے شروع کیا جا سکے گا۔

سیکٹر E-12میں کئے جانے والے اس آپریشن میں سیکٹر کے گاؤں موضع دھریک موہری، سری سرال، ڈھوک چورہ کے مقامی باشندوں کے علاوہ نمبرداروں نے بھی سی ڈی اے کے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جس کے باعث توقع ہے کہ پورے سیکٹر کا قبضہ حاصل کر کے تمام سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کا کام مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ سیکٹر سی ڈی اے نے 1989میں کھولا تھا تاہم موجودہ انتظامیہ نے زیادہ سے زیادہ سرکاری اراضی کو واگزارکرانے کے لئے بنائی گئی حکمت عملی کے تحت اس سیکٹر کے پہلے مرحلے میں 1200کنال اراضی کا مکمل قبضہ لے لیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے خصوصی آپریشن کے ذریعے سیکٹروں کنال اراضی کے حصول کو سراہتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد کوہدایت کی کہ سیکٹرE-12میں بھرپور ترقیاتی کاموں کو ممکن بنانے کے لئے موثر اقدامات اُٹھائیں تاکہ پہلے مرحلے میں حاصل کی جانے والی اراضی پر سروس روڈ کی تعمیر اور سب سیکٹر E-12/2اور مرکز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پورے سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کو شروع کیا جا سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سرکاری اراضی کے حصول کے لئے مقامی باشندوں کے ساتھ باہم مل کر کام کیا جائے اورباہمی افہام و تفہیم کے ساتھ ایسے تمام دیرینہ مسائل کو حل کیا جائے تاکہ اسلام آباد کے ان سیکٹروں کے ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جا سکے جن پر ماضی میں کوئی توجہ نہ دی گئی تاہم سی ڈی اے ان سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کو ممکن بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اُٹھا رہاہے۔

اس ضمن میں نہ صرف سیکٹر D-12کے باقیماندہ ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہاہے بلکہ پارک انکلیو کا کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے بعد اس پر بھی تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہے جسے مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیکٹر آئی15- کی ڈویلپمنٹ کے لئے پری کوالیفکیشن کاعمل تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے فوری بعد اس سیکٹر کی ڈویلپمنٹ بھی شروع ہو جائے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہاکہ سیکٹر آئی12-، آئی14- اور آئی16-کے لئے سی ڈی اے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہا ہے اور رواں سال میں ان سیکٹروں کی ڈویلپمنٹ کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیکٹرE-12کی ڈویلپمنٹ کی تکمیل سے جہاں لوگوں کو گھر بنانے کی سہولت حاصل ہو گی وہاں اسلام آباد میں جائیداد کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو اعتدال پر لانے میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :