صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان سے دفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات،

ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال ، یوم یکجہتی کشمیر ، دہشتگردی کے خلاف قومی ایکشن پلان اور راولپنڈی اسلام آباد میں آباد کشمیریوں کیلئے قبرستان کی اراضی کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

منگل 3 فروری 2015 23:21

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان سے دفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات، ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال ، یوم یکجہتی کشمیر ، دہشتگردی کے خلاف قومی ایکشن پلان اور راولپنڈی اسلام آباد میں آباد کشمیریوں کیلئے قبرستان کی اراضی کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ر ہنماؤں نے آزاد کشمیر اور پاکستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور دہشتگردی اور خودکش حملہ آوروں سے نمٹنے کیلئے قومی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ۔ صدرآزاد کشمیر نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر کئے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا اور وفاقی وزیر داخلہ کو اس سلسلے میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء 05فروری کو پاکستانی قوم کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم یکجہتی منانے پر صدر سردار محمد یعقوب خان سے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اورا نہیں بتایا کہ 05فروری کو پورے آزادکشمیر اور بیرون ملک آباد کشمیر ی مختلف تقاریب اور ریلیاں نکال کر اپنے پاکستان بھائیوں کا شکریہ ادا کریں گے۔

اس کے علاوہ دہشتگردوں کے خلاف قومی ایکشن پلان پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ وفاقی وزیرداخلہ نے صدر آزاد کشمیر کی اب تک ہونے والی پیشرفت اور آئیندہ کیلئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کو بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بڑی تعداد میں کشمیری مستقل طور پر آباد ہیں ۔ فوتگی کی صورت میں انہیں میتیں دفن کرنے کیلئے قبرستانوں میں جگہ نہیں ملتی اور شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جس کی وجہ سے انہیں میتیں آزاد کشمیر میں جا کر دفن کرنا پڑتی ہیں۔ اس لئے وفاقی حکومت راولپنڈی میں تین مختلف مقامات پر کشمیریوں کے لئے قبرستان کی اراضی مختص کرے جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے یقین دلا یا کہ وہ متعلقہ حکام کو آج ہی تین مختلف مقامات پر اس مقصد کیلئے اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کرتے ہیں اور جلد از جلد اراضی قبرستان کیلئے مختص کر دی جائے گی جس پر صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔