پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والی شاہراہ کے ڈیزائن میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ،احسن اقبال،

یہ سڑک خنجراب سے گوادر تک براستہ ڈی جی خان ژوب کوئٹہ گوادر کے راستے مکمل ہوگی ، سینٹ کے اجلاس میں بیان،اپوزیشن کا پھر علامتی واک آؤٹ

منگل 3 فروری 2015 23:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایوان کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والی شاہراہ کے ڈیزائن میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ، یہ سڑک خنجراب سے گوادر تک براستہ ڈی جی خان ژوب کوئٹہ گوادر کے راستے مکمل ہوگی ۔منگل کو سینٹ کے اجلاس میں بیان دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے تحت کئی منصوبے ہیں اس منصوبے کے تحت چین کو وسط ایشیا سے منسلک کرناہے ان منصوبوں کیلئے فزیبلٹی تیار کی جائے گی گیارہ ارب ڈالر کی لاگت اس منصوبہ پر لاگت آئے گی اس منصوبہ کو رفتہ رفتہ بنائیں گے اس منصوبے کا مقصد گوادر پورٹ کو کامیاب بنانا ہے، وزیراعظم نواز شریف نے چین کی قیادت سے ایم او یو سائن کئے ہیں اور منصوبہ کی تکمیل سے بلوچستان ترقی یافتہ بن جائے گا ۔

(جاری ہے)

چین نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھانا چاہیے اس عارضی عرصہ میں ملک میں موجود مواصلات کے انفراسٹرکچر قابل استعمال میں لایا جائے گا احسن اقبال کے اس بیان پر اپوزیشن نے دوبارہ علامتی واک آؤٹ کیا ہے اس پر احسن اقبال نے کہا کہ بعض قوتیں پاک چین اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنا کر پاکستان مخالف قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہیں اپوزیشن کے رکن نے اس موقع پر کورم کی نشاندہی کردی کورم پورا نہ ہونے پر ایوان کی کارروائی بدھ کی سہ پہر تک ملتوی کردی گئی ۔