پی آئی اے ایمپلائز یونین سی بی اے کے تحت و اسلام آباد کے ائرپورٹس پر ملازمین کا انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج،

دو گھنٹے تک پی آئی اے کی پروازیں بری طرح متاثر رہیں،ملازمین نے کام چھوڑ دیا، انتظامیہ کے مطالبات تسلیم اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم

منگل 3 فروری 2015 23:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) پی آئی اے کے ملازمین کو فری ایئر ٹکٹس کی سہولت ختم کرنے سمیت دیگر مراعات واپس لینے پر پی آئی اے ایمپلائز یونین سی بی اے کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ائرپورٹس پر ملازمین کا انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج دو گھنٹے تک پی آئی اے کی پروازیں بری طرح متاثر رہیں احتجاجی مظاہرے کے دوران تمام ملازمین نے کام چھوڑ دیا جبکہ طیارے نہ ہی اڑ سکے اور نہ ہی لینڈ ہوسکے شدید احتجاج کے بعد انتظامیہ نے مطالبات تسلیم کرلئے اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ملازمین کو فری ایئر ٹکٹس سمیت دیگر سہولیات کو ختم کرکے کروڑوں روپے بچانے کی حکومتی پالیسی کیخلاف گزشتہ روز پی آئی اے ایمپلائز یونین کی اپیل پر اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام ائرپورٹس پر پی آئی اے ملازمین نے کام چھوڑ کر انتظامیہ کے حالیہ اقدامات کیخلاف احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا اس دوران تمام ملازمین اپنی ڈیوٹیوں پر کام چھوڑ کر احتجاج میں شریک ہوگئے جس کے باعث نہ ہی پروازیں جاسکیں اور نہ ہی پروازیں لینڈ کرسکیں احتجاجی مظاہرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی شجاعت عظیم کو پی آئی اے ملازمین کا دشمن قرار دیا گیا اس دوران پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہونے سے ہزاروں افراد کو شدید پریشانی لاحق ہوگئی بعد ازاں وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے کے احتجاجی مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے گئے اور ان کے مسائل کو حل کرنے اور مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر ملازمین نے اپنا احتجاج ختم کرکے اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لیں اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ نے ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو ہم پھر احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام ذمہ داری شجاعت عظیم اور دیگر حکومتی حکام پر ہوگی ۔