صوبے میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوئلے ار دیگر متبادل ذرائع سے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے مسقل بنیادوں پر منصوبہ بندی ناگزیر ہے،گورنر بلوچستان

منگل 3 فروری 2015 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوئلے ار دیگر متبادل ذرائع سے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے مسقل بنیادوں پر منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل میر جام کمال خان سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں کو گیس فراہمی صوبے میں بجلی کے بحران کے خاتمے زرعی صارفین کو بجلی پر سبسڈی ، غیر قانونی ٹیوب ویلوں کو باقاعدہ بناتے ہوئے بلوں کی ادائیگی کا پابند بنانے، زرعی ٹیوب ویلوں پر میٹروں کی تنصیب صوبے بھر کے فیڈروں سے بجلی کی منصفانہ تقسیم اور بلوچستان کیلئے لیویز کی اسامیوں کے وفاقی کوٹے پرعملدرآمد پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

گورنر نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی سے بلوچستان کی مجموعی ترقی و خوشحالی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے وفاقی ترقیاتی منصوبوں جن میں گیس و بجلی کی فراہمی اور شاہراہوں کی تعمیر جیسے منصوبے شامل ہیں پر جلد ازجلد عملدرآمد کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔

گورنر نے کہا کہ عوام اور زرعی صارفین جو بجلی استعمال کریں اس کا بل لازماً ادا کریں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زمینداروں کو کاشت کے سیزن کے دوران بجلی کی متواتر فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنی فصلوں سے بھرپور طورپرمستفید ہوسکیں۔ گورنر نے کہا کہ اگر صوبے کے تمام اضلاع کو گیس فراہم کردی جائے تو قیمتی جنگلات کو ختم ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔

جس سے بارش کی فراوانی کے علاوہ مال و مویشی کیلئے چارہ وغیرہ بھی وافر دستیاب ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان کو متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی سے ہم ماحولیات کے مسائل سے بھی دوچار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بجلی کی بچت کیلئے تجویز دی کی زرعی صارفین کو رات کے وقت جبکہ گھریلو و دیگرصارفین کو دن کے وقت بجلی کی فراہم کی جائے ۔ وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل میر جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی کم ہے اگر بجلی کی فراہمی کے حوالے سے صحیح منصوبہ بندی سے کام لیا جائے تو تمام آبادی کو اس کی ضرورت کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان تا لورالائی اور خضدار تا رتو ڈیرو ٹرانسمیشن لائنوں کی مکمل بحالی اور فعالیت سے صوبے بھر میں بجلی کی قلت پر قابو پایا جاسکے گا۔

گورنر نے امید ظاہر کی کہ گلستان اور خانوزئی کے عوام کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر جلدعملدرآمد کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :