وکلاء اور صحافیوں کے نام شیڈول فور میں ڈالنا نیشنل ا یکشن پروگرام ناکام بنانیکی سازش ہے ، پیپلز لائرز فورم ،

پولیس گردی کے مرتکب افسران کے خلاف کاروائی کی جائے دوسری صورت میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا ، صدر راجہ شکیل عباسی کا بیان

منگل 3 فروری 2015 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء ) پیپلز لائرز فورم کے صدر راجہ شکیل عباسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ذاتی اور تعصب کی بناء پر وکلاء اور صحافیوں کے نام شیڈول فور میں ڈالنا وزیر اعظم کے دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ا یکشن پروگرام ناکام بنانے کی سازش ہے حکومت فوری اس اقدام کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرے ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سینئر وکیل منظر کیانی کو شیڈول فور میں ڈالنے کی چیف کمشنر کی طرف سے غلطی تسلیم کرنے کے بعد جاری بیان میں کیا۔

انھوں نے کہا معصوم اور پڑھے لکھے شہریوں کے نام صرف تعصب اور منافرت کی بناء پر شیڈول فور میں ڈالنا پولیس گردی ہے اور سرکاری پوزیشن کو استعمال کر کے دہشت گردی کے خلاف مہم کو نا کام بنانے کی سازشوں کا حصہ ہے وکلاء اور صحافی ملک میں جاری دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

شیڈول فور میں نام ڈال کر غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی انتہائی ضروری ہے ۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی بجائے فری ہینڈ دینے کی وجہ سے وفاقی دار ا لحکومت غیر محفوظ ہو گیا ہے ۔ چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد اس غیر قانونی اقدام کے مرتکب کالی بھیڑوں کے خلاف کاروائی کریں دوسری صورت میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :