گلشن اقبال میں اسکولوں پر دہشت گردوں کی جانب سے دستی بموں کے حملے قابل مذمت ہیں، الطاف حسین،

یہ سفاک عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اوریہ عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، کراچی میں اسکولوں کے تحفظ کیلئے فی الفوراقدامات کئے جائیں، بیان

منگل 3 فروری 2015 22:44

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں گلشن اقبال بلاک 7 میں واقع اسکولوں بیکن ہائی اسکول اوربیکن لائٹ اسکول پر دہشت گردوں کی جانب سے دستی بموں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پشاورمیں آرمی پبلک اسکول پر طالبان دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے اورمعصوم بچوں کے قتل عام کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے کراچی میں بھی اسکولوں پردہشت گردوں کے حملوں کاخطرہ تھالیکن اس کے باوجودبھی صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی کے اسکولوں کے تحفظ اورکراچی کے اسکولوں کے معصوم بچوں کودہشت گردوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے اورآج درندہ صفت دہشت گردوں نے گلشن اقبال بلاک 7میں اسکولوں پر دستی بم پھینکے اورباآسانی فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے اسکولوں پر ان حملوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ جوسفاک دہشت گرداسلام کے نام پراسکولوں کے معصوم بچوں کو اپنی دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں وہ نہ اسلام کے دوست ہیں اورنہ ہی مسلمانوں کے بلکہ یہ سفاک عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اوریہ عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ میڈیاپر آنے والی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے وہاں داعش کے ہینڈ بل بھی پھینکے ہیں جوچیخ چیخ کرکراچی میں داعش کی موجودگی کاپتہ دے رہے ہیں لیکن ہمارے حکمراں اب بھی حالت انکارمیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر خدانخواستہ کراچی کے کسی بھی اسکول پرآرمی پبلک اسکول پر حملے جیساکوئی واقعہ ہواتو حکمراں اس کے ذمہ دارہوں گے۔ الطا ف حسین نے ایک بار پھرحکومت اورتمام قانون نافذکرنے والے اداروں سے مطالبہ کیاکہ کراچی میں اسکولوں کے تحفظ کیلئے فی الفوراقدامات کئے جائیں، اسکولوں کے اساتذہ کو فی الفوراسلحہ کے لائسنس دیے جائیں اورریاستی وسائل کو بروئے کارلاکران دہشت گردوں کا قلع قمع کیاجائے۔ الطاف حسین نے بیکن ہائی اسکول اوربیکن لائٹ اسکول اوردیگرقریبی اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں ، ان کے والدین اوران اسکولوں کی انتظامیہ سے ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے آپ کوتنہانہ چھوڑیں، میں اورمیرے ساتھی ان کے ساتھ ہیں۔