صرف طاقت سے دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا ‘ تعلیمی شعبہ میں بھی اقدامات اٹھانے ہونگے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

منگل 3 فروری 2015 12:48

صرف طاقت سے دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا ‘ تعلیمی شعبہ میں بھی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03فروی 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ صرف طاقت سے دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا ‘ تعلیمی شعبہ میں بھی اقدامات اٹھانے ہونگے ‘ فوجی عدالتیں آئین کے تحت قائم کی گئی ہیں ‘ تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک ضرور پہنچیں گے ‘ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے سیاسی اور فوجی قیادت ایک پیج پر ہیں، اچھے اور برے طالبان میں کوئی فرق نہیں رکھا جا رہا ‘ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ۔

ایک انٹرویو میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سیاسی اور فوجی قیادت ایک پیج پر ہیں، اچھے اور برے طالبان میں کوئی فرق نہیں رکھا جا رہا اور دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ صرف طاقت سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔ اس حوالے سے تعلیمی شعبہ میں بھی اقدامات کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی فورس قائم کر دی گئی ہے جسے بہترین ٹریننگ کے ساتھ جدید ہتھیاروں سے بھی لیس کیا گیا ہے، اس فورس میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں اور اس کے تمام اخراجات پنجاب حکومت اپنے وسائل سے پورے کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پچاس ہزار سے زائد قیمتی جانیں اس جنگ میں کام آ چکی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے طلباء اور عوام کیلئے کئی میگا اور ویلفیئر کے منصوبے شروع کئے ہوئے ہیں جن میں لیپ ٹاپ کی تقسیم، دانش سکول اور میٹرو بس جیسے منصوبے شامل ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں آئین کے تحت قائم کی گئی ہیں تاکہ دہشت گردوں کیخلاف مقدمات کی فوری سماعت ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک ضرور پہنچیں گے۔

متعلقہ عنوان :