Live Updates

اللہ تعالیٰ چیف الیکشن کمشنر کی عزت کو عمران خان سے محفو ظ رکھے ،سپیکر کومعطل کر نے کا مطالبہ غیر آئینی ہے، پرویز رشید ،

بیلٹ پیپر ٹول پلازہ کی پرچیاں نہیں جو کہیں سے بھی چھپ جائیں ،قواعد کے تحت بیلٹ پیپرزسرکاری پرنٹنگ پریس سے ہی چھاپے جاسکتے ہیں ، وزیر اطلاعات کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 2 فروری 2015 21:42

اللہ تعالیٰ چیف الیکشن کمشنر کی عزت کو عمران خان سے محفو ظ رکھے ،سپیکر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری 2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ چیف الیکشن کمشنر کی عزت کو عمران خان سے محفو ظ رکھے سپیکر کومعطل کر نے کا مطالبہ غیر آئینی ہے  بیلٹ پیپر ٹول پلازہ کی پرچیاں نہیں جو کہیں سے بھی چھپ جائیں قواعد کے تحت بیلٹ پیپرزسرکاری پرنٹنگ پریس سے ہی چھاپے جاسکتے ہیں ۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان الیکشن کے بعد سے دھاندلی کا ڈھنڈھورا پیٹتے چلے آرہے ہیں اور انہوں نے عوام کو بھی ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا تھا، ڈی چوک پر دھرنے کے نام پر تماشہ رچایا گیا جس کے نقصانات پاکستان کو برداشت کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر وقت عام انتخابات کے بیلٹ پیپرز اردو بازار سے چھپوانے کا راگ الاپتے رہتے تھے اور انہوں نے جتنی بھی سیاست کی وہ سب الیکشن کمیشن پر الزامات تھے جبکہ ہمیں امید تھی کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں عمران یہ تمام باتیں کریں گے جس پر وہ انہیں مطمئن کرتے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہاکہ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے سامنے کوئی سوال نہیں اٹھایا جس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے الزامات سے دستبردار ہوچکے ہیں جبکہ عمران میں اتنی اخلاقی جرات بھی نہیں تھی کہ وہ تمام الزامات چیف کے سامنے دہراتے جس کو بنیاد بنا کر انہوں نے قوم کا پورا سال افراتفری کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جان لیں کہ بیلٹ پیپر لاٹری یا کمیٹی کی پرچی نہیں جو ہرجگہ سے چھپ جائے اس کے اپنے قواعد ہیں جس کے تحت بیلٹ پیپرز سرکاری پرنٹنگ پریس میں ایسے کاغذ پر چھاپے جاتے ہیں جو مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں عمران خان نے جو باتیں کی اس کا ہمیں علم نہیں لیکن چیف ایک معزز شخصیت ہیں اور عمران ان کے گھر ہو آئے ہیں اور وہ جس کے گھر جاتے ہیں اسی کے بارے میں انتہائی نا مناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں جس پر ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ چیف کی عزت کو عمران سے محفوظ رکھے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا تاہم وہ بتائیں کہ اسپیکر کو کس جرم اور کس قانون کے تحت معطل کیا جائے، عمران ہر جگہ جاکر الگ الگ باتیں کرتے ہیں اور میڈیا کے ذریعے ڈکٹیشن دیتے ہیں وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان سپیکر قومی اسمبلی کا استعفیٰ کس قانون کے تحت مانگتے ہیں۔

وہ سپیکر قومی اسمبلی کے استعفے کا غیر قانونی مطالبہ کر رہے ہیں۔ این اے 122 میں دوبارہ گنتی سے سردار ایاز صادق کے ووٹ بڑھ گئے ہیں۔ خان صاحب نے آج تک اپنے الزامات کے حوالے سے ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات