قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب میں ایک بار پھر پٹرول کی قلت کا سامنا

پیر 2 فروری 2015 10:42

قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب میں ایک بار پھر پٹرول کی قلت کا سامنا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری 2015ء) پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتے ہی پنجاب کے بعض شہروں میں ایک بار پھر پٹرول نایاب ہونےلگا ، پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئیں ، شہریوں نے دوبارہ بوتلیں اور کین اٹھالئے ، حکومت نےدعویٰ کیا ہے کہ ملک میں پٹرول کی قلت نہیں ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر لاہور اور سندھ میں ٹرانسپورٹ کرائے کم ہوگئے ، کراچی میں ٹرانسپورٹ مافیا نے ریٹس کم کرنے سے انکار کر دیا ، پرویز رشید کہتے ہیں صوبے ریلیف عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات کریں ۔

پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہوا عوام پھر سے ایک نئی آزمائش سے نبردآزما ہونے لگے ، لوگ ریلیف کو بھول کر پٹرول کی تلاش میں نکل کھڑے ہوئے ، بعض شہروں میں پٹرول سٹیشن بند ہوگئے جبکہ بعض میں پھر سے لائنیں لگ گئیں ، فیصل آباد میں پٹرول پمپس پر لگی قطار میں موٹر سائیکل سواروں سمیت گاڑیوں والے بھی شامل ہوگئے ۔

(جاری ہے)

لوگوں نے ایک بار پھر سے کین اور خالی بوتلیں اٹھا لیں ۔

شہریوں کا کہنا تھا اس کمی کا کیا فائدہ جس کا ریلیف عوام تک نہ پہنچ پائے ۔ ڈیرہ غازیخان میں بھی نئی قیمتوں کے ساتھ ہی پٹرول شہریوں کی پہنچ سے دور ہوگیا ۔ شہر کے آدھے سے زیادہ پمپس بند ہوگئے ۔ سرگودھا میں انتظامیہ نے مصنوعی قلت پیدا کرنے پر تیرہ پٹرول پمپ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ بارہ افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ۔ بھکر میں بھی پٹرول نایاب ہوگیا ، شہری تلاش میں مارے مارے پھرنے لگے ۔

پشین میں پرانی قیمتوں پر فروخت ہونے لگا ۔ دوسری طرف حکومت نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں پٹرول کی قلت نہیں ، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس 90 ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ ہے ، مزید 32 ہزار میٹرک ٹن کراچی پورٹ پر پہنچ گیا ۔ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کےبعد سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ۔ لاہور میں بھی کرائے کم کر دیئے گئے ہیں ، تاہم شہریوں نے مزید ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔

پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے لگے ہیں ۔ سندھ میں انٹر سٹی بسوں کے کرائے پانچ فیصد اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے چھ فیصد کم کئے گئے ہیں ۔ رکشہ ٹیکسی کے کرایوں میں آٹھ فیصد کمی کی گئی ہے جبکہ سکول وینز کے کرائے چھ سے آٹھ فیصد کم ہوگئے ہیں ۔ کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ، اندرون شہر ٹرانسپورٹ کرایوں میں پانچ سے سات فیصد کمی آج متوقع ہے ۔

لاہور میں پٹرول پر چلنے والی منی بسوں کے کرائے ساڑھے نو فیصد کم کئے گئے ہیں ، ڈیزل بسوں کے کرایوں میں ساڑھے چھ فیصد کمی کی گئی ہے جس کے بعد شہر میں کم سے کم کرایہ گیارہ روپے اور زیادہ سے زیادہ انتیس روپے ہو گیا ہے ۔ شہریوں نے حکومتی اقدامات کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے مہنگائی میں ریلیف کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔ پنجاب میں لمبے روٹس کی گاڑیوں کے کرایوں میں کمی حکومتی نوٹی فکیشن کے بعد ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :