بھارت کو سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت نہیں ملے گی,خواجہ آصف،

پرویز مشرف کو سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے، سرکاری اداروں صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے وزارت پانی وبجلی کے400ارب روپے دینے ہیں،وفاقی دفاع و پانی وبجلی

بدھ 28 جنوری 2015 23:32

بھارت کو سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت نہیں ملے گی,خواجہ آصف،

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) وفاقی وزیر پانی وبجلی اور دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کو سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت نہیں ملے گی،گرمیوں میں عوام لوڈشیڈنگ میں کمی محسوس کریں گے،وفاقی صوبائی حکومتوں اور سرکاری اداروں نے ہمارے400ارب روپے دینے ہیں۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ پچھلے ماہ بجلی سستی کی ہے،رواں ماہ میں بھی اگر گنجائش نکلی تو عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید سستی کریں گے۔

عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ خسارہ بھی کم کر رہے ہیں،خسارہ کم ہوا تو اس کا فائدہ بھی عوام ہی کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے وزارت پانی وبجلی کے400ارب روپے دینے ہیں،وفاقی حکومت نے 8اعشاریہ چھ ارب آزاد کشمیر حکومت نے45 ارب پنجاب حکومت نے5ارب خیبرپختونخوا حکومت نے20 ارب،سندھ حکومت نے65 ارب بلوچستان حکومت نے7ارب،فاٹا نے40 ارب دینے ہیں،212ارب پرائیویٹ سیکٹر نے ادا کرنے ہیں،ایف بی آر نے بھی54ارب روپے دینے ہیں،کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 32ارب دینے ہیں،وزارت کو سارے واجبات مل جائیں تو عوام کو ریلیف مزید دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹانک میں90فیصد لوگ بل ادا نہیں کرتے اور احتجاج اور توڑ پھوڑ بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے کئی منصوبے شروع کر دئیے ہیں،گرمیوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی عوام محسوس کریں گے،کالاباغ ڈیم پر کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے،کالاباغ جب بھی بنا اتفاق رائے سے ہی بنے گا۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بجلی فراہم کررہے ہیں،ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی مزید سستی ہوگی،2ہفتوں میں یہ پراجیکٹ فائنل ہوجائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکومت اور امریکہ کے ساتھ تعلقات پہلے سے بہتر ہیں،اعتماد کی فضاء میں بہتری آئی ہے،بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت نہیں ملے گی،بھارت کو مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر پہلے عمل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے،میرے علم میں نہیں ہے کہ مشرف نے سعودی عرب جانے کے لئے درخواست دی ہے ۔۔