رؤف صدیقی کی سعودی کونصلیٹ آمد ،خادمِ حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات پر تعزیتی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے

بدھ 28 جنوری 2015 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)سابق صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت اور رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے خادمِ حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات پر سعودی کونصلیٹ میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ انہوں نے کراچی میں متعین سعودی کونسل جنرل محمد عبد اللہ الدائم اور وائس کونسل جنرل سعید المالکی سے خادمِ حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات پر تعزیت کی اور قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے تعزیت کرتے ہوئے خادمِ حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی عالمِ اسلام کیلئے کی جانے والی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

رؤف صدیقی نے کونسل جنرل محمد عبد اللہ الدائم اور وائس کونسل جنرل سعید المالکی سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی سیاسی، سماجی اور دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی؛ ان کی وفات سے دنیائے اسلام ایک معتبر رہنما سے محروم ہو گیا۔

(جاری ہے)

رؤف صدیقی نے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے اپنی دریا دلی اور سخاوت کے باعث اسلامی ممالک میں ایک بلند مقام حاصل کیا۔ اس موقع پر سعودی کونسلیٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ سعودی کونسل جنرل نے قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کا اور سابق صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت اور رکنِ سندھ اسمبلی رؤف صدیقی کا تعزیت کیلئے آنے پر شکریہ ادا کیا۔