خیبر پختونخوا میں خواتین اور اساتذہ کو ٹریننگ دینے کے اقدام کا جناب الطا ف حسین کی جانب سے زبردست خیر مقدم،

خواتین اور اساتذہ کو ٹریننگ دینا دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ جیتنے کیلئے اہم ترین اقدام ہے ، الطاف حسین

بدھ 28 جنوری 2015 23:13

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے خیبر پختونخوا میں خواتین اور اساتذہ کو ٹریننگ دینے کے اقدام کا زبردست خیر مقدم کیا ہے اور ٹریننگ کے عمل کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ جیتنے کیلئے اہم قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات اورسانحہ پشاور آرمی پبلک اسکول کے بعد خیبر پختونخوا میں خواتین اور اساتذہ کو ٹریننگ دینے کا اقدام نہ صرف مثبت ہے بلکہ دوسرے صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرح اگر ملک بھر میں خواتین اور اساتذہ ٹرینڈ ہونگے تو وہ خود بھی سفاک دہشت گردوں کامقابلہ کرسکتے ہیں اور انہیں واصل جہنم کرسکتے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ خواتین اور اساتذہ کو ٹریننگ دینے کا اقدام خیبر پختونخوا اور ملک بھر کے عوام کیلئے خوش آئندہے اور اس اقدام سے ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو جیتنے کی امیدیں بڑھ گئی ہے ۔