میڈیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی یقینی بنانے میں حکومت سے معاونت کرے ، پر ویز رشید ،ہمارے دشمن چھپے ہوئے اور کسی قانون کو نہیں مانتے ،متفقہ آئین اور آزاد عدلیہ لوگوں کی اجتماعی کوششوں کا ثمر ہیں ، خطاب

منگل 27 جنوری 2015 23:10

میڈیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی یقینی بنانے میں حکومت سے معاونت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء)وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی یقینی بنانے میں حکومت سے معاونت کرے ،ہمارے دشمن چھپے ہوئے اور کسی قانون کو نہیں مانتے ،متفقہ آئین اور آزاد عدلیہ لوگوں کی اجتماعی کوششوں کا ثمر ہیں اسلام آباد میں صحافیوں کی سیکورٹی کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جنگ کا مقصد ملک کی سلامتی اور علاقائی سا لمیت کا تحفظ کرنا ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے دشمن چھپے ہوئے اور کسی قانون کو نہیں مانتے۔

موجودہ صورتحال میں صحافیوں کیلئے کام کرنا زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کیلئے اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی پیشگی شرط ہے اور حکومت نے اس سلسلے میں متعدد اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔شہید ہونے والے صحافیوں کیلئے دس لاکھ اور زخمی یا معذور ہونے والے صحافیوں کیلئے تین لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح کیلئے صحافیوں کا بہبود فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ متفقہ آئین اور آزاد عدلیہ لوگوں کی اجتماعی کوششوں کا ثمر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1973 ء کے آئین نے قوم کو متحد رکھا اور عدلیہ کی آزادی اور پارلیمنٹ کی عملداری کو یقینی بنایا۔