مودی کے پیچھے اوباما اور دنیا بھر کے یہودی بھی کھڑے ہو جائیں تو اسے مقبوضہ کشمیر میں عبرتناک شکست سے نہیں بچاسکیں گے ‘ سراج الحق،پاکستانی حکمرانوں نے ہمیشہ دشمن سے دھوکہ کھایا ،چند ڈالروں کے عوض قومی مفادات کا سودا کیا ، ہماری فوج ہمیں تحفظ دے گی ،حکمران کشمیری عوام سے دھوکا کر سکتے ہیں مگر پاکستان کے غیور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ‘ امیر جماعت اسلامی،بھارت کا جمہوری چہرہ سراسر دھوکا اور فریب ہے بھارت انسانیت کے چہرے پر کلنک کا ٹیکہ ہے ‘ عبدالرشید ترابی کا جلسہ عام سے خطاب

پیر 26 جنوری 2015 20:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26جنوری۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ مودی کے پیچھے اوباما اور دنیا بھر کے یہودی بھی کھڑے ہو جائیں تو اسے مقبوضہ کشمیر میں عبرتناک شکست سے نہیں بچاسکیں گے ،کشمیر میں بھارت کی شکست دیوار پر لکھی جاچکی ہے ، اوباما کو مودی کو مشورہ دینا چاہیے تھاکہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے مگر اوباما نے خطے میں قیام امن کی ساری امیدوں پر پانی پھیر تے ہوئے بھارت کو تھپکی دی اور ہندوستان کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے کی حمایت کا اعلان کیا ، میں اسلام آباد سے بھی پوچھتاہوں کہ امریکی خوشنودی کے لیے دہشت گردی کو اپنے ملک میں درآمد کرنے اور اپنے عوام پر جنگ مسلط کرنے کا انہیں کیا فائدہ ہوا ، امریکہ کے سارے وعدے کہاں گئے جو اس نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکمرانوں سے کیے تھے ،آج اوباما ہندوستان کی پشت پناہی کر رہاہے ، پاکستانی حکمرانوں نے ہمیشہ دشمن سے دھوکہ کھایا اور چند ڈالروں کے عوض قومی مفادات کا سودا کیا ، پاکستان کے عوام اپنی افواج سے محبت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہماری فوج ہمیں تحفظ دے گی اور آزاد یٴ کشمیر کی جدوجہد میں قوم کا ساتھ دے گی ، عوام اپنے جرنیلوں کو محمد بن قاسم دیکھنا چاہتے ہیں جس نے مظلوم بیٹی کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے ہندو راجے کی فوجوں پر چڑھائی کردی تھی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے سپورٹس سٹیڈیم میں بڑے جلسہ” اسلامی انقلاب “سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی ، انجینئر خالد خان ، امیر ضلع چوہدری امجد یوسف اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ امریکہ بھارت کا گٹھ جوڑ خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں ۔ پاکستانی حکمرانوں نے پندرہ سال تک امریکی جنگ کو اپنی جنگ کا نام دے کر پاکستان میں تباہی و بربادی کا کھیل کھیلا اب وہ حکمران عوام کے سامنے جوابدہ ہیں کیونکہ عوام کو سارے مسائل کا سامنا اسی جنگ کی وجہ سے کرنا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ 26 جنوری جو بھارت کا یوم جمہوریہ ہے اسے پاکستان اور کشمیر کے عوام نے یوم سیاہ کے طور پر منایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ایک کروڑ سے زائد کشمیری عوام کو بندوق کی نوک پر غلام بنا کر رکھا گیاہے ۔ بھارت نے کشمیری مسلمانوں کے حقوق غصب کر رکھے ہیں ۔ اوباما اگر واقعی جمہوریت اور امن پسند ہوتے تو بھارت کو کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے اور مظلوم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلواتے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قومی پالیسی میں کشمیر ترجیح اول ہوناچاہیے ۔ ملک کی سلامتی اور بقا کشمیر کی آزادی کے ساتھ وابستہ ہے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی دباؤ میں آ کر حکمرانوں کے قدم ڈگمگاجاتے ہیں اور وہ دو قدم آگے بڑھتے ہیں تو چار قدم پیچھے ہٹ جاتے ہیں اب یہ پالیسی نہیں چلے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے غریب عوام اپنے بجٹ کا بڑا حصہ اپنی فوج پر اس لیے خرچ کرتے ہیں کہ یہ ملک کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے کام کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ حکمران کشمیری عوام سے دھوکا کر سکتے ہیں مگر پاکستان کے غیور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کشمیر کی آزادی کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بے شمار قربانیاں دینے اور بچوں کے لاشے اٹھانے کے باوجود ہتھیار نہیں ڈالے ۔

وہ آج بھی پوری جرأت کیساتھ بھارت کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں مگر افسوس ہے کہ بزدل پاکستانی حکمرانوں نے کشمیریوں کی قربانی کو سبوتاژ کیا اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے ہمیشہ نمک پاشی کی ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف خود کو کشمیری کہتے ہیں مگر کشمیری ہونے کے ناطے ان پر جو فرض عائد ہوتاہے اسے پورا نہیں کرتے ۔ ہم پٹرول کی قیمتوں میں زیادتی ، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ برداشت کر سکتے ہیں مگر کشمیر کاز کے ساتھ بے وفائی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔

عبدالرشید ترابی نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت کا جمہوری چہرہ سراسر دھوکا اور فریب ہے بھارت انسانیت کے چہرے پر کلنک کا ٹیکہ ہے ۔ امریکی اشیر باد بھارت کو کشمیر میں عبرتناک شکست سے نہیں بچاسکتی اور کشمیری عوام بھارت کے غرور کو خاک میں ملادیں گے ۔ امریکہ اگر اپنے لاؤ لشکر اور نیٹو افواج کے باوجود افغانستان میں پٹ گیا ہے تو بھارت کشمیریوں کے ہاتھوں پٹ چکاہے اب دونوں پٹے ہوئے مہرے ایک دوسرے کو گلے میں باہیں ڈال کر سہارا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔