عوام کا حکومت پر اعتماد اٹھ گیا ،تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے ،سابق عسکری قیادت،پٹرول کے مسئلے پر وزراء کے متضاد بیانات سے حکومت پر الزامات کو تقویت ملی،افغان مہاجرین کو منظور شدہ کیمپوں تک محدود، جلد از جلد واپسی یقینی بنائی جائے ، الیکشن کمیشن کو بہتر بنایا جائے، ماڈل ٹاؤن سانحے کی سفارشات پر عمل کیا جائے، سول انٹلیجنس ایجنسیاں شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک توڑیں، ایڈمرل تسنیم کی سربراہی میں اجلاس

پیر 26 جنوری 2015 19:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26جنوری۔2015ء) سابق عسکری قیادت نے کہا ہے کہ متزلزل سیاسی صورتحال ،بد انتظامی، پے درپے بحرانوں اور اشیائے ضروریہ کی نایابی کی وجہ سے عوام کو موجودہ حکومت اور سسٹم سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ عوام کو مایوسی سے بچانے کیلئے تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے۔امن کو یقینی بنانے کے لئے شمالی وزیرستان میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے مگر اسکے ساتھ افغان مہاجرین کو منظور شدہ کیمپوں تک محدودکرنا، انکی نقل و حرکت کی مانیٹریگ اور جلد از جلد واپسی یقینی بنانے کی ضرورت ہے جبکہ سول انٹلیجنس ایجنسیاں شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک توڑنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بات پاکستان ایکس سروس میں سوسائٹی کے اول نائب صدر ایڈمرل تسنیم کی سربراہی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کی گئی جس میں ایڈمرل فصیح بخاری، جنرل نعیم اکبر، ائیر مارشل مسعود اختر، سلیم نواز گنڈاپور، برگیڈئیرز میاں محمود، سائمن شروف، مسعود الحسن اور نائیک محمد فاضل شریک تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عوام حکومت کو ناکام سمجھ رہے ہیں جو صرف صورتحال کا نوٹس لینے اور چند افراد کو معطل کر کے مسائل سے بری الزمہ نہیں ہو سکتی۔

پٹرول کی کمی کے بارے میں وزراء کے متصاد بیانات اور سازشوں کا بات انکی نا اہلی کی غماز ہے۔میڈیا میں بعض وزراء کے ذاتی مفادات کی رپورٹیں آ رہی ہیں جبکہ لاہور کے سانحے کے بارے میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیاد ہے اسلئے بلدیاتی الیکشن جلد از جلد کروائے جائیں اور ترقیاتی فیڈ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے بجائے بلدیاتی نمائندوں کو دئیے جائیں۔

سابق عسکری ماہرین نے کہادہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں کامیابیوں پر اطمینان ظاہر کیا اور فوجی جوانوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں پیسا کی جانب سے آئی ڈی پیز کی بحالی کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تبدیلی کافی نہیں بلکہ الیکشن کمیشن میں مکمل تبدیلی کی جائے اور الیکشن میں گھپلوں کی تفصیلی چھان بین میں تاخیر نہ کی جائے اور الیکشن اصلاحات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ پیسا نے گلگت بلتستان میں بھی دفتر کا افتتاح کر دیا ہے اور میجر ظفرجنگ کو آرکنائیزر تعینات کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :