امریکہ نے پاکستان کو ملافضل اللہ کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی ، سپورٹ فنڈ کی مدت میں توسیع

پیر 26 جنوری 2015 14:43

امریکہ نے پاکستان کو ملافضل اللہ کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جنوری2015ء) امریکہ نے تحریک طالبان کے امیر ملافضل اللہ کو زندہ یا مردہ ہرحالت میں پکڑنے کی یقین دہانی کرادی ہے جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی حکام کو ملک میں بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی پیش کیے ۔یہ انکشاف سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ان کیمرہ اجلاس میں کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کو بتایاگیاکہ گذشتہ ماہ امریکہ کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکہ کی عسکری وسول قیادت سے ملاقاتیں کیں جس دوران امریکی حکام ملافضل اللہ کے خلاف ہرممکن کارروائی کی یقین دہانی کرادی ، امریکی حکام نے آرمی چیف کو بتایاکہ وہ ملافضل اللہ کی موجودگی کی اطلاعات پر ایک ڈرون حملہ بھی کرچکے ہیں لیکن وہ بچ نکلاتھا تاہم افغانستان میں امریکہ و افغان فورسز طالبان قیادت کو زندہ یا مردہ پکڑنے کے لیے بھرپور کارروائی کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایاگیاکہ آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران ملک میں بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی امریکی حکام کے حوالے کیے ۔ سینٹر مشاہد حسین نے بتایاکہ اُن کی معلومات کے مطابق امریکہ سے ماضی کی غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں ، سپورٹ فنڈکی مدت بھی ستمبر2015ءتک بڑھادی گئی ہے جس کے تحت رواں سال امریکہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی امداد دے گا جو دہشتگردی کیخلاف جنگ اور اندرونی سیکیورٹی کے لیے استعمال ہوں گے ۔

سیکریٹری دفاع نے بتایاکہ خطے کی سیکیورٹی سے متعلق اُٹھائے گئے تمام اقدامات پر امریکہ کو اعتماد میں لیاتھا اورامریکی افواج رواں سال کے آخرتک افغانستان میں رہیں گی ۔ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے شرکت نہیں کی جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ آصف کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کو اہمیت نہیں دیتے ، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے خواجہ آصف کو ہدایات جاری کردی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :