سرگودھا، وکلاء اور تاجروں کی لڑائی شدت اختیار کرگئی‘ وکلاء کا دوسرے روز بھی عدالتی بائیکاٹ

ہفتہ 24 جنوری 2015 23:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) وکلاء اور تاجروں کی لڑائی شدت اختیار کرگئی‘ وکلاء نے دوسرے روز بھی عدالتی بائیکاٹ کیا جبکہ سیشن روڈ کے تاجروں نے بھی وکلاء کیخلاف کاروباری مراکز بند کئے رکھے ‘ ڈی پی او سرگودھا سجاد حسین منج معاملے کو حل کرانے کیلئے ڈسٹرکٹ بار سرگودھا پہنچ گئے‘ جبکہ مرکزی انجمن تاجران بھی میدان میں کود پڑی‘ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز سیشن روڈ ریڑھی بان سے وکلاء کیساتھ ہونیوالی لڑائی میں انجمن تاجران سیشن روڈ کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے لیاتھا جس پر سیشن روڈ کے تاجروں نے احتجاج اور پولیس سے مذاکرات کے بعد گرفتار کئے جانیوالے تاجروں کو چھوڑ دیا تھا جس پر ڈسٹرکٹ بار سرگودھا کے وکلاء کی جانب سے جمعہ اور ہفتہ کے روز عدالتی بائیکاٹ کیا گیا وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی جو ڈسٹرکٹ بار سے شروع ہوکر ڈی پی او چوک تک پہنچی اور پولیس کو فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرنے کیساتھ ساتھ ایس ایچ او تھانہ کینٹ کیخلاف کاروائی کا بھی مطالبہ کیادوسری طرف ہفتہ کے روز سیشن روڈ کے تاجروں نے بھی وکلاء کی جانب سے درج کرائے جانیوالے مقدمات کیخلاف مکمل شٹر ڈاؤن کئے رکھا اور وکلاء کیخلاف نعرے بازی بھی کی اور شرکاء احتجاج نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ وکلاء کی غنڈی گردی نہیں چلنے دینگے ‘ واقعہ کے شدت اختیار کرنے کے بعد ڈی پی او سرگودھا سجاد حسین منج ڈسٹرکٹ بار سرگودھا پہنچ گئے صدر بار اور جنرل سیکرٹری سے مذاکرات کئے دوسری طرف ڈی پی او نے سیشن روڈ کے تاجروں کے ایک وفد کو ڈی پی او آفس بلایا سیشن روڈ کے تاجروں نے بھی مرکزی انجمن تاجران سے مدد مانگ لی جس پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر خواجہ احمد حنیف‘ جنرل سیکرٹری نعیم اسلم کپور نے فوری طور پر اجلاس طلب کرلیا ہے تاہم آخری اطلاعات آنے تک وکلاء اور تاجروں میں صلح کی جانیوالی کوششیں ناکام رہی ہیں۔