شہباز شریف کی اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے آمد، تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کئے،

شاہ عبداللہ کو عالمی مدبر اور عظیم رہنما کے طو رپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،وزیر اعلی پنجاب، سعودی سفیر سے اظہار تعزیت

ہفتہ 24 جنوری 2015 23:08

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے گئے اور سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر پاکستان میں سعودی عرب کے قائم مقام سفیر محمد جاسم الخالدی سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سعودی سفارت خانے میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ کو عالمی مدبر اور عظیم رہنما کے طو رپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شاہ عبداللہ پاکستانی عوام کے ساتھ دلی لگاؤ رکھتے تھے اور وہ پاکستان کے ہمدرد ، مخلص اور سچے دوست تھے۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ مرحوم نے جدید سعودی عرب کی بنیاد رکھی اور مسلم امہ کے اتحاد اور اتفاق کیلئے سرگرم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللہ کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص اور بہترین دوست سے محروم ہو گیا ہے۔