حکومت صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے کوشاں ہے، محمد عاطف،

صوبے سے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کر دیا ،سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی کہ اب کسی کو ایزی لوڈ نہیں ہوتا ، نوکریاں بکتیں ہیں نہ ہی اپنوں کو نوازا جاتا ہے،وزیر تعلیم ، ،توانائی و برقیات کامردان میں شمولیتی جلسہ سے خطاب

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم ،توانائی و برقیات محمد عاطف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے کوشاں ہے ،صوبے سے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے ،صوبے میں سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ اب کسی کو ایزی لوڈ نہیں ہوتا ، نوکریاں نہیں بکتیں اور نہ ہی اپنوں کو نوازا جاتا ہے ،تحریک انصاف نے خود غرضوں اور مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے، لوگوں کے کام پیسوں اور سفارشوں کے بل بوتے پر نہیں بلکہ شفاف نظام اور میرٹ کی پالیسی کے تحت ہوتے ہیں، حقیقی تبدیلی لانے کیلئے نظام کی درستگی ،انصاف پر مبنی سوچ اور قوانین پر نیک نیتی سے عمل درآمد ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان کے علاقے میر وس میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی رہنما جواد خان ، واجد علی خان ، طلاء خان اور دیگر پارٹی کارکنان کے علاوہ اہل علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ، مسلم لیگ (ن) اور دیگر پارٹیوں کے سرگرم کارکنان نے اپنی اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر اپنے رشتہ داروں اور رفقاء کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ۔

وزیر تعلیم نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو اپنی اور پارٹی کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا ان کی شمولیت سے جہاں تحریک انصاف کو مزید تقویت ملے گی وہاں عوام کے مسائل زیادہ تندہی سے حل ہونے میں بھی مدد ملے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کو با اختیار بنانے اور حکومت کو روزمرہ کی بنیاد پرجواب دہ بنانے کیلئے معلومات تک رسائی کے قانون سمیت کئی ایک ایسے قوانین لاگو کئے جن کے تحت عام شہری بھی یہ جان سکے کہ سرکاری سطح پر عوامی وسائل کا استعمال کس طرح کیا جا رہا ہے اور سرکاری طور پر بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں یا نہیں حتیٰ کے وزیر اعلیٰ سمیت تمام صوبائی وزراء اور مشیران کے اخراجات کیا ہیں اور کہاں کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر پاکستانی کا حق ہے اور دیگر صوبوں کو بھی یہ قانون لاگو کرنا چاہئیے۔محمد عاطف نے کہا کہ سرکاری خزانہ حکمرانوں کی نہیں بلکہ عوام کی ملکیت ہے اور عوام کو ان کے وسائل کے استعمال اور خزانے کی ایک ایک پائی کے خرچ سے متعلق تمام تر معلومات ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ ادوار میں سرکاری افسران و اہلکار خوانین اور حکمرانوں کے حجروں میں پہلے اور دفاتر میں بعد میں حاضری دیتے تھے مگر موجودہ صوبائی حکومت نے ان فرسودہ روایات کا خاتمہ کر کے اداروں کا وقار بحال کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کو صرف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہی استعمال میں لا نا چاہئیے ،صرف بلند و بالا عمارتیں یا سڑکوں کی تعمیر سے ملک و قوم کی ترقی ممکن نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اس کے بنیادی حقوق اور انصاف فراہم کرنے سے ہی کوئی بھی معاشرہ یا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :