پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ناقابل قبول ہیں‘ باراک اوبامہ،

واضح کر چکے ممبئی حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘ دہشت گرد ہم سب کیلئے سنگین خطرہ ہیں،انٹرویو

جمعہ 23 جنوری 2015 23:31

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23جنوری۔2015ء) امریکی صدر باراک اوبامہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ناقابل قبول ہیں۔ بھارتی اخبار ”انڈیا ٹو ڈے“ کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر باراک اوبامہ کا کہنا تھا کہ وہ واضح کر چکے ہیں کہ اگرچہ امریکہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام بھی کررہا ہے۔ تاہم ملک میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں قابل قبول نہیں اور ممبئی حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح امریکی اور بھارتی عوام کو بھی پشاور سکول میں حملے کے ہولناک سانحے پر شدید دھچکا لگا اور غمزدہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تکلیف دہ واقعہ ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گرد ہم سب کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی اور امریکی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے متحدہ ہیں جبکہ دونوں ملک دہشت گردوں کے ہاتھوں سے دو چار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر امریکہ نے افغانستان اور پاکستان میں القاعدہ قیادت اور یمن اور صومالیہ میں انکی معاونت کاروں کا خاتمہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم داعش کو تباہ کرنے کیلئے بھی عالمی اتحاد کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد صرف مارنا اور تباہ کرنا جانتے ہیں مذہب کے نام پر ایسا کرنے والے صرف اپنے مذاہب کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کے اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر دنیا بھر کو ایک نیا مستقبل دینے کیلئے کوشاں رہے گا جو کہ سکیورٹی‘ خوشحالی اور وقار پر مبنی ہو۔

متعلقہ عنوان :