خیبر ایجنسی کی قوم سپاہ کا تحریک حقوق باڑہ کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کا اعلان ،

جب تک ہمیں ہمارے حقوق نہیں ملیں گے تب تک تحریک حقوق باڑہ کے شانہ بشانہ لڑیں گے، باڑہ متاثرین کیلئے بھی وزیرستان اور ملاکنڈ متاثرین طرز پرامدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے، حبیب الرحمان آفریدی کاپریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 23 جنوری 2015 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) خیبر ایجنسی کی قوم سپاہ نے تحریک حقوق باڑہ کی حمایت کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری کیلئے 26 جنوری کو بروز پیر گور نر ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا ہے ۔ گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حبیب الرحمان آفریدی ‘ ملک جمشید ‘ محمد ارشاد آفریدی اور حاجی سیال خان اور دیگر کا کہنا تھا کہ جب تک ہمیں ہمارے حقوق نہیں ملیں گے تب تک ہم اپنے حقوق کی جنگ تحریک حقوق باڑہ کے شانہ بشانہ لڑیں گے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے باڑہ کے عوام کے ساتھ جو نا روا سلوک رواں رکھا ہے اس کے خلاف ہم سڑکوں پر نکل چکے ہیں اور اپنے حقوق حاصل کر کے رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر 2009ء سے جاری آپریشن اور ظلم ستم کا خاتمہ چاہتے ہیں جو کہ باڑہ کے غیور عوام کے ساتھ ایک بہت بڑا ظلم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ باڑہ کے متاثرین کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ان کو پیکیج دےئے بغیر اپنے علاقوں میں بھیجنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشنز کی وجہ سے ان کے گھر بار مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کیلئے وزیرستان اور ملاکنڈ متاثرین طرز امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے ۔