جماعة الدعوة محب وطن و محب دین جماعت ہے،لیاقت بلوچ،

پورے ملک میں جماعة الدعوة کے حوالے سے فرقہ واریت ، تعصبات اور ریاست مخالف کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی

جمعہ 23 جنوری 2015 23:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ جماعة الدعوة محب وطن و محب دین جماعت ہے ۔ پورے ملک میں جماعة الدعوة کے حوالے سے فرقہ واریت ، تعصبات اور ریاست مخالف کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی ۔ زلزلہ ، سیلاب اور قدرتی آفات میں ان کے رضا کار شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔

امریکی دباؤ اور فہرست کے مطابق جماعة الدعوة پر قدغن اور مساجد ، دینی مراکز ، خدمت کے اداروں پر پابندیاں قابل مذمت ہیں ۔ آئین اور اسلامی نظریہ کے مخالف کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں لیکن دینی بنیادوں پر کام کرنے والوں کے لیے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت وزارت خارجہ کے شرانگیز موقف کا نوٹس لے اور اعلان کردہ قدغنوں اور پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ لاہور میں سکول کے بچوں اور والدین پر پولیس کا لاٹھی چارج اور تشدد بڑا ہی المناک اور قابل نفرت اقدام ہے ۔ لاہور میں ہی ڈاکٹروں ، کلرکوں ، مزدوروں ، طلبہ ، نرسوں اور نابینا افراد کے احتجاج پر پولیس کا تشدد حکومت کی بد نامی کا باعث بناتھا اب پھر سکول کے معصوم بچوں پر تشدد ریاستی ، حکومتی دہشتگردی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب خود اندازہ لگائیں کہ پولیس کلچر اب کیا شکل اختیار کر چکاہے اس معاشرتی روگ سے نجات ملنی چاہیے ۔

پولیس کلچر کی تبدیلی کے لیے تمام معاشرتی سماجی اور سول سوسائٹی کو یک آواز بنایا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بعد از خرابی ٴ بسیار پٹرول کی قلت سے عوام کو نجات مل رہی ہے ۔ پٹرول بحران نے حکومت کو کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا ۔ حکومتی ممبران اسمبلی اور ورکرز کی عوام کے سامنے بے بسی و شرمندگی دیدنی تھی ۔

متعلقہ عنوان :