نیشنل بنک صوبے میں بنک کی شاخوں اور اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد میں اضافہ کرے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،

نیشنل بنک بلوچستان کے تمام علاقوں میں اپنی استعداد کار اور صلاحیت کار میں اضافہ کرکے عوام کو بنکنگ کی سہولیات فراہم کرے صوبے میں بنک کی شاخوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد کو بھی بڑھایا جائے،وزیر اعلیٰ بلوچستان کی بینک کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 23 جنوری 2015 22:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل بنک بلوچستان میں عوام کو سہولیات کی فراہمی ، بنک کے شاخوں اور اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد میں اضافہ کرئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل بنک پاکستان کے صدر سید احمد اقبال اشرف کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان وسیع و عریض صوبہ ہے نیشنل بنک بلوچستان کے تمام علاقوں میں اپنی استعداد کار اور صلاحیت کار میں اضافہ کرکے عوام کو بنکنگ کی سہولیات فراہم کرئے صوبے میں بنک کے شاخوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد کو بھی بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

نیشنل بنک ایک قومی اثاثہ ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہ مزید مستحکم ہو انہوں نے کہا کہ نیشنل بنک کے حکام بھی بلوچستان کے صارفین کے مشکلات کو مدنظر رکھیں بلوچستان میں زراعت، صنعت ، کانکنی کے شعبوں میں مقامی سرمایہ کاروں کو قرضے کی سہولیات اور خصوصی مراعات دی جائیں،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں نیشنل بنک کے دو ریجنز کو ختم کر کے ایک ریجن بنانے کی مجوزہ پالیسی درست نہیں، اس قسم کے کسی بھی اقدام سے صوبے کے عوام کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ ہی ہوگا وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نیشنل بنک میں بلوچستان کے نوجوانوں کو بھرتیوں میں ترجیحی دی جائے اور بھرتیوں میں میرٹ اور اہلیت کا خاص خیال رکھا جائے۔