بچوں کیلئے تعلیم بہت ضروری ہے ،بچوں کی تعلیم کا مطلب اگلی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنانا ہے‘بیگم ذکیہ شاہنواز ،

علم کی اہمیت ہر مرد اور عورت پر فرض ہے ،جو علم سے بہرہ ور نہیں ہے انہیں تعلیم فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے‘صوبائی وزیر بہبودآبادی

جمعرات 22 جنوری 2015 23:31

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء ) صوبائی وزیر بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ بچوں کے لئے تعلیم بہت ضروری ہے ،بچوں کی تعلیم کا مطلب اگلی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنانا ہے۔یہ بات انہوں نے خانہ فرہنگ ایران میں ڈور آف اویرنیس کے زیر اہتمام ایک مقامی روزنامہ کے تعاون سے بچوں کی تعلیم کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

تقریب میں ایرا ن کے قونصلیٹ جنرل محمد حسین اسدی کے علاوہ ڈور آف اوئیرنیس کی چیئر پرسن مسز روبا ہمایوں ، فیاض خان ، اعجاز خان ، کاشف انور ،ایم پی اے فرزانہ بٹ ، شہزادی شمیم اختر ،راحیلہ خادم حسین اور مقامی اخبار کے ایڈیٹر ڈاکٹر احسن محمود ، جسٹس ناصرہ جاوید اور احسن نصیر نے شرکت و خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو علم و عمل کو اپنی زندگی کا اولین مقصد بنا لیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علم کی اہمیت ہر مرد اور عورت پر فرض ہے ۔جو علم سے بہرہ ور نہیں ہے انہیں تعلیم فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ علم اور انسانیت سے اسلام ہمیں ان کی فلاح کا پیغام دیتا ہے۔ اگر کوئی نیک کام شروع کرنا چاہے تو پھر پیسے کے بارے میں مت سوچے بس کام شروع کر دے پیسہ خود بخود آ جاتا ہے ۔ نیک لوگ بھلائی کے کام کا آغاز کرتے ہیں تو پھر ان کے دوست اور احباب اور دیگر افراد کے ان کے ساتھ مل جاتے ہیں ۔

انہوں نے بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کی خدمات پر ڈور آف اوئیرنیس کی خدمات کو سراہا ۔ ڈور آف اوئیرنیس کی چیئر پرسن مسز روبا ہمایوں نے کہا کہ ان کے ادارے کے زیر اہتمام سکول و کمپیوٹر سنٹر اور سلائی سنٹر کام کر رہے ہیں اس کے علاوہ وقتاً فوقتاً موبائل اور یو پی ایس رپئیرنگ کے کام بھی کروائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سے زائد جھگیوں میں رہنے والے بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔قبل ازیں مسز شرمین زیدی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ مسز عائشہ نجم نے ڈور آف اوئیرنیس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی - آخر میں بیگم ذکیہ شاہنواز نے شرکاء میں شیلڈ و انعامات تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :