خضدار میں پرانی سبزی منڈی و بس اسٹینڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ،

دکاندار سبزی فروش اپنے لئے شہرمیں نئی جگہ کا تعین کریں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 22 جنوری 2015 23:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء) ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے خضدار میں پرانی سبزی منڈی و بس اسٹینڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکاندار سبزی فروش اپنے لئے شہرمیں نئی جگہ کا تعین کرلیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خضدار نے جمعرات کے روز اپنے دیگر عملہ کے ہمراہ پرانی سبزی منڈی و بس اسٹینڈکا دورہ کیا جہاں جگہ کی کمی دکانداروں اور خریداروں کی مشکلات اور مسائل کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیاکہ اس پرانی سبزی منڈی کو بند کرکے شہر کی رونق اور آمد و رفت کو بہتر بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر سید عبدالوحید شاہ نے کہاکہ خضدار میں پہلے سے جھالاوان کمپلیکس ، ارباب کمپلیکس اور نیو سبزی منڈی قائم ہے جہاں سبزی فروش دکاندار اور خریداروں کے لئے سہولیات موجود ہیں لہٰذا پرانی سبزی منڈی کے دکاندار اپنے لئے میں کسی دوسرے مقام پر جگہ تلاش کریں پرانی سبزی منڈی نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ہے بلکہ یہاں سہولیات کا بھی فقدان ہے جس کی وجہ سے اس پرانی سبزی منڈی کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔