فیصل آباد،سوئی گیس کی بدترین بندش کیخلاف شہری سڑکوں پرنکل آئے، گو نواز گو کے نعرے ، نڑ والہ روڈ بلاک ،

صنعتکار اور تاجر صنعتی فیڈرپر مسلسل 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ، وزیر اعظم سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعرات 22 جنوری 2015 23:30

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22جنوری۔2015ء ) سوئی گیس کی بدترین بندش کیخلاف شہری سڑکوں پرنکل آئے، گو نواز گو کے نعرے ، نڑ والہ روڈ بلاک ، جبکہ صنعتکار اور تاجر صنعتی فیڈرپر مسلسل 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ، وزیر اعظم سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ آن لائن کے مطابق غلام محمد آباد ،مدن پورہ ،رضا آباد ،جھگ روڈ،پیپلز کالونی ،نجف کالونی ،سیالوی کالونی ، سمیت کئی شہر کے مختلف علاقو ں سوئی گیس کے کم پریشر اور بد ترین بندش کئی روز سے جاری ہے ،سوئی گیس کی بدترین بندش کیخلاف مسلم لیگ ن کے ایم این اے حاجی اکرم انصاری کے حلقہ مدن پورہ، عوامی کالونی، غلام محمد آبا د،رضا آباد کی سینکڑوں خواتین،بچے اور افرادہاتھوں میں برتن ا ٹھائے سڑکوں پرنکل آئے اور انہوں نے حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کرتے ہوئے نڑ والہ روڈکو بلاک کردیا ،مظاہرین کے احتجاج اور شدید نعرے بازی کے باعث روڈ بند ہونے سے سڑک کے دونوں اطراف سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،مظاہرین سوئی گیس کے کم پریشر اور بد ترین بندش کیخلاف شدید احتجاج کے دوران سینہ کوبی بھی کرتے رہے اور کئی لوگوں نے چولہے اور برتن ہاتھوں میں اٹھایا رکھے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں گیس بحران کے باعث چولہے ٹھنڈے ہونے سے کھانے کی تیاری اور روٹی پکانا بھی ناممکن ہوچکا ہے ،مظاہرین نے گیس حکام کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے اس صورتحال کے باعث پولیس حکام موقع پر پہنچ گیا اورانہوں نے مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں گیس فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے اور گیس پریشر کا مسئلہ حل کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی ،مذاکرات میں کروائی جانیوالی یقین دہانی کے بعدمظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے تاہم انہوں نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ اگر سوئی گیس حکام نے اپنے وعدہ کے مطابق سوئی گیس کی فراہمی اور گیس پریشر کی صورتحال منگل تک بہتر نہ بنائی تو پھر سڑکوں پرنکل آئینگے اور غیرمعینہ مدت تک شدید احتجاج کرتے ہوئے علاقہ کوبند کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری بجلی وگیس اور پٹرول کے بد ترین بحران نے غریبوں کا نظام زندگی تباہ کر دیا ہے، شہریو ں نے ملک میں جاری بجلی وگیس پٹرول کے بد ترین بحران پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے حکمران عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں ہیں فیکٹریوں اور گھریلو صنعتوں سے وابستہ محنت کشوں،دیہاڑی دار مزدوروں کے گھروں میں معاشی بدحالی کی بدولت نوبت فاقو ں تک آ گئی ہے خدارا وفاقی حکومت حوش کے ناخن لیتے ہوئے غریبوں کا معاشی قتل عان بند کریں اور بجلی اور گیس کے بحران کو فوری حل کروائیں ، اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔

22جنوری۔2015ء کے مطابق صنعتکاروں اور تاجروں نے صنعتی فیڈر مسلسل 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور متعلقہ وزراء سے مطالبہ کیا ہے کہ برآمدی صنعت کو لوڈشیڈنگ سے مستقل بنیادوں پر مستثنیٰ قرار دینے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیصدر انجینئر رضوان اشرف ، ایگزیکٹیو چیمبر آف کامرس رانااکرام اللہ،پاکستان تحریک انصاف انڈسٹریل ونگ پنجاب کے صدر ظفراقبال سرور بد قسمتی سے کھرڑیانوالہ کے ویلیو ایڈیشن سٹی میں صرف صنعتی برآمدی ادارے قائم ہیں۔

جہاں مسلسل دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے حالانکہ اس سٹی کو قائم کرنے کا مقصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانا اور لوگوں کو بڑے پیمانے پر روزگار مہیا کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویلیو ایڈیشن سٹی کے قیام کے وقت یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی کہ یہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور یہاں کے مخصوص صنعتی فیڈر سے بجلی کی 24 گھنٹے سپلائی مہیا کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ شام 7 سے صبح 5 بجے تک مسلسل 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں کی فیکٹریوں کی پیداوار 50 فیصدسے بھی کم ہو گئی ہے جبکہ مالکان کو مزدوروں کو تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ ملین کے اضافے کے علاوہ بلا مقصد نقصان بھی برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ملین کے براہ راست نقصان کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی بالواسطہ طور پر 25 ملین کا نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کبھی بجلی ، کبھی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کبھی پٹرول کی قلت کا سلسلہ جاری رہا تو اس سے نہ صرف صنعتی عمل رک جائیگا بلکہ برآمدات کا سلسلہ بند ہونے سے ملک قیمتی زرمبادلہ سے بھی محروم ہو جائیگا۔ مزید برآں صنعتوں کی بندش سے بے روز گاری کا نیا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا جس کی وجہ سے ملک کی امن و امان کی مخدوش صورتحال سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے۔

سینئر سنٹرل وائس چیئر مین آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈاپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن عمران محمود نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈیشن سٹی کے قیام کے وقت یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی کہ یہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور یہاں کے مخصوص صنعتی فیڈر سے بجلی کی 24 گھنٹے سپلائی مہیا کی جائیگی لیکن اب شام 7 سے صبح 5 بجے تک مسلسل 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملہ میں مداخلت کریں اور ملک بھر میں صنعتوں اور خاص طور پر برآمدی صنعتوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستقل مستثنیٰ قرار دینے کا حکم جاری کریں انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کا سلسلہ جاری رہا تو اس سے نہ صرف صنعتی عمل رک جائیگا بلکہ برآمدات کا سلسلہ بند ہونے سے ملک قیمتی زرمبادلہ سے بھی محروم ہو جائیگا مزید برآں صنعتوں کی بندش سے بے روز گاری کا نیا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا جس کی وجہ سے ملک کی امن و امان کی مخدوش صورتحال سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے