شہاب الدین مارکیٹ کی دکانوں کی نیلامی کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کی ایک ہفتہ کے اندر اندر قرعہ اندازی کی جائے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی

جمعرات 22 جنوری 2015 23:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے ہدایت کی ہے کہ شہاب الدین مارکیٹ کی دکانوں کی نیلامی کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کی ایک ہفتہ کے اندر اندر قرعہ اندازی کرکے دکانیں ان کے حوالے کردی جائیں اور 4 یوم کے اندر مارکیٹ کا تعمیراتی کام شروع کردیا جائے جبکہ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کی 160 دکانوں اور 88 دفاتر کے استعمال کی تجاویز مرتب کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جو ایک ہفتہ کے اندر اندر رپورٹ پیش کرے گی ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس دونوں منصوبوں کے بارے میں غور و خوض کے لئے منعقد ہوا جس میں فنانشل ایڈوائزر آفاق سعید، سینئر ڈائریکٹر فنانس منور امام ، سینئر ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز جبار بھٹی ، سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکشن محمد اطہر، سینئر ڈائریکٹر ای اینڈ آئی پی غلام رسول، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ رضا عباس رضوی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ بشیر سدوزئی، ڈائریکٹر پبلک ہاؤسنگ صباح الاسلام اور دیگر افسران نے شرکت کی، اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہاب الدین مارکیٹ کی 445 دکانوں میں سے 273دکانوں کے لئے بکنگ آچکی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید دکانیں نیلام کی جائیں گی اور اس پر تعمیراتی کام قرعہ اندازی کے بعد شروع کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے ہدایت کی کہ قرعہ اندازی کا انتظار کئے بغیر تعمیراتی کام فوراً شروع کردیا جائے تاکہ شہریوں کو خصوصاً جن لوگوں نے دکانیں بک کروائی ہیں ان کو یقین ہوسکے کہ منصوبے پر کام شروع ہوچکا جبکہ ایک ہفتہ کے اندر اندر دکانوں کی قرعہ اندازی کرکے اصل مالکان کے حوالے کی جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہاب الدین مارکیٹ کے پرانے الاٹیز کو ترجیحی بنیادوں پر دکانیں دی جائیں گی اس کے بعد اگر دکانیں باقی رہیں تو ان کو نیلام کیا جائے گا، متاثرین شہاب الدین مارکیٹ کو اولیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رکے ہوئے منصوبوں کو مکمل کرنا پہلی ترجیح ہے جن میں عوام کا سرمایہ لگا ہے لہٰذا اس منصوبے کو فوراً مکمل کیا جائے تاکہ دوسرے اور تیسرے فیز پر کام شروع کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ گزشتہ 6 سال سے بے کار پڑا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کثیر سرمایہ لگا ہوا ہے اس سے شہریوں کو فائدہ ہونا چاہئے اس موقع پر انہوں نے فنانس، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکشن ، ای اینڈ آئی پی ، پبلک ہاؤسنگ اور میڈیا مینجمنٹ کے ڈائریکٹر پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو پارکنگ پلازہ کی دکانوں اور دفاتر کو قابل استعمال بنانے کے لئے تجاویز مرتب کرے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ قیمتی جائیداد ہے اس کو اس طرح لاوارث نہیں چھوڑنا چاہئے بلکہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ عوام کواس سے فائدہ ہو۔

متعلقہ عنوان :