پیمرا کا موبائل ٹی وی کے فروغ کیلئے قوانین میں نرمی کا فیصلہ ،

موبائل ٹی وی کی سالانہ تجدید سے حاصل ہونیوالی آمدن کا 50فیصد الیکٹرانک میڈیا ریسرچ اور ڈویلپمنٹ فنڈ کیلئے مختص کیا جائے ،پیمرا

جمعرات 22 جنوری 2015 23:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء) پیمرا نے ملک کے طول و عرض میں جدید ترین الیکٹرانک میڈیا ٹیکنالوجی متعارف کروانے اور صارفین کو بہترین اور جدید سہولیات مہیا کرنے کی غرض سے پاکستان میں موبائل ٹی وی لائسنسوں کے اجراء کیلئے قوانین اور قوائد وضوابط میں واضح نرمی کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔ اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ موبائل ٹی وی سمعی و بصری نشریات کا لائسنس اب کسی بھی کمپنی کو جو کہ قوائد و ضوابط ، قانونی تقاضات پر پورا اترتی ہو گی کو Case to Case Basis پر جاری کیا جائے گا۔

تاہم اس کیلئے کمپنی کا سیکیورٹیز اور ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے کم از کم 30لاکھ روپے پیڈاپ کیپیٹل سے رجسٹرڈ ہونا اور PTAسے (CVAS)لائسنس کا حامل ہونا بنیادی شرائط ہونگی ۔

(جاری ہے)

مذکورہ بالا اہلیت کی حامل کمپنیا ں اب پیمرا سے پانچ لاکھ روپے لائسنس فیس کے عوض لائسنس حاصل کر سکیں گی جس کا دورانیہ / مدت5سال ہو گی جبکہ لائسنس کی سالانہ بنیادوں پر تجدید کیلئے کل آمدن کے ایک فیصد رقم کے مساوی پیمرا کو جمع کروانا ہو گا۔

اتھارٹی نے مزید فیصلہ کیا ہے کہ موبائل ٹی وی کی سالانہ تجدید سے حاصل ہونے والی آمدن کا 50فیصد الیکٹرانک میڈیا ریسرچ اور ڈویلپمنٹ فنڈ کے لیے مختص کیا جائے گا۔ جس کے مندرجہ ذیل مقاصد ہوں گے؛(i۔الیکٹرانک میڈیا کی ترقی اور فروغ۔(ii۔الیکٹرانک میڈیا سے متعلق ریسرچ پراجیکٹ کی مالی معاونت ۔(iii۔ذرائع ابلاغ کے طلباء کیلئے ملازمتوں کے مواقعوں کی فراہمی ۔(iv۔طلباء کیلئے انٹرن شپ اور وظائف کی فراہمی۔ (v۔الیکٹرانک میڈیا سے متعلق سیمینار اور ورکشاپوں کا انعقاد ۔ (vi۔انڈسٹری کے ڈیجیٹلائزیشن مقاصد کا حصول اور(vii۔انڈسٹری کوفروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :