اقوام متحدہ میں قانون سازی کے ذریعے انبیائے کرام کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ روکا جائے ،

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا 28 ممالک کے سربراہان اور عالمی اداروں کے ذمہ داران کے نام خط

جمعرات 22 جنوری 2015 23:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے28ممالک کے سربراہان اور عالمی اداروں کے ذمہ داران کے نام اپنے خط میں فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ میں قانون سازی کے ذریعے انبیائے کرام کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ روکا جائے،عالمی برادری تمام انبیاء اور آسمانی کتب کے احترام کو لازم قرار دے اور اس قبیح جرم کا ارتکاب کرنے والاکسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہواس کے خلاف انسانیت کے خلاف جرم کا مقدمہ درج کیا جائے ۔

فرانس، ڈنمارک، برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور امریکا سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور اقوام متحدہ اور OICکے سیکرٹری جنرل کے نام اپنے خط میں سراج الحق نے کہا ہے کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد ﷺ کے خاکوں اور آپﷺ کی شان میں گستاخی نے پوری مسلم دنیا کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ضروری ہے کہ موٴثر قانونی اقدامات کیے جائیں تاکہ فرانس میں شائع ہونے والے رسالے کے خاکوں جیسے افسوس ناک اقدام کا اعادہ نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے انسانوں کی آزادی، احترام کو تسلیم کرتے ہیں ضروری ہے کہ امت مسلمہ اور امت مسلمہ کی محبوب ہستی کے لیے بھی یہ حق تسلیم کیا جائے۔انہوں نے بعض یورپی ممالک میں مساجد اور عام مسلمانوں کے خلاف ہونے والی متعصبانہ کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپنے ہی ملک کے شہریوں کے خلاف پرتشدد کاروائیاں تنازعات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔

کسی بھی معمولی سی اقلیت کو یہ حق نہیں دیا جاسکتا کہ وہ پورے ملک ، پورے براعظم یا ساری دنیا کا امن تلپٹ کر کے رکھ دے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب اوران کے انبیاء کا یکساں بھرپور احترام کیا جانا ضروری ہے اور ریاست کو اس ضمن میں سخت قوانین وضع کرنے چاہئیں۔امیر جماعت اسلامی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپورمذمت کرتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کے اصل اسباب تلاش کیے جائیں اور ان کا سدباب کیا جائے۔