سندھ کابینہ کے اجلاس بارے شائع ہونے والی خبریں درست نہیں ہیں،شرجیل انعام میمن ،

کافی ایسی خبریں ہوتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے،وزیر اطلاعات سندھ کا لیاقت جتوئی کے نوٹس پر جواب

جمعرات 22 جنوری 2015 23:23

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء ) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے شائع ہونے والی خبریں درست نہیں ہیں ۔ وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اور سابق وزیر اعلیٰ لیاقت علی خان جتوئی کے مختصر نوٹس کے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔

لیاقت علی خان جتوئی نے اپنے سوال میں کہا کہ شرجیل انعام میمن نے ایوان میں یہ بیان دیا تھا کہ میڈیا غلط رپورٹس شائع کر رہا ہے ۔ سندھ کابینہ کے اجلاس کے بارے میں بھی غلط خبریں شائع ہوئی ہیں ۔ ان کا محکمہ کیا کر رہا ہے اور یہ غلط خبریں کیوں شائع ہو رہی ہیں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میں نے یہ بیان دیا تھا کہ اخبارات میں شائع ہونے والی ہر خبر کو ٹھیک نہیں کہا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

کافی ایسی خبریں ہوتی ہیں ، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر شہریار خان مہر نے کہا کہ سندھ کابینہ کے اجلاس کے بارے میں غلط خبریں شائع ہونے پر اخبارات کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اخبارات میں کابینہ کے حوالے سے جو باتیں شائع ہوئی ہیں ، وہ کابینہ کے اجلاس میں کی بھی نہیں گئی ہیں لیکن ہم محکمہ اطلاعات کو قانون کے مطابق چلاتے ہیں ۔ کسی کی خواہش پر اسے نہیں چلایا جا سکتا ۔

متعلقہ عنوان :