صوبے کی زراعت سے وابستہ 70 فیصد آبادی مشکلات سے دوچار ہے،شہریار مہر،

پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے،اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 22 جنوری 2015 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہریار مہر نے کہا ہے کہ آج صوبے کی زراعت سے وابستہ 70 فیصد آبادی مشکلات سے دوچار ہے لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے۔ تھر کے حوالے سے قرارداد کی منظوری کے باوجود کمیٹی مقررہ وقت پر نہ بننے سے میرا استحقاق مجروح ہوا ہے اور اس پر میں اسمبلی میں آواز اٹھاؤں گا۔

وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

شہر یار مہر نے کہا کہ صوبے میں شوگر کین بحران سندھ حکومت کا پیدا کردہ ہے اور اس سلسلے میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر تحریک ایوان میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شوگر ملز مالکان کے خلاف کسی قسم کا ایکشن نہیں لے رہی ہے اور اس کی اصل وجہ بھی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج زراعت سے وابستہ صوبے کے 70 فیصد عوام انتہاہی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہاریوں، آبادگاروں، کاشتکاروں اور شئیر ہولڈرز کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی بھی ہمارے ساتھ ہیں لیکن وہ اپنی مجبوری کے باعث کھل کر سامنے نہیں آرہے ہیں لیکن ہمیں اس حوالے سے ان کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :