حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ، بجلی، گیس ،پانی پہلے موجود نہیں اور اب رہی سہی کسر پیٹرول نے نکال دی، پرویز مشرف،

پاکستان کو اگر دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پاک فوج اور فوجی عدالتوں کو مکمل سپورٹ کرنا ہوگا،عہدیداران سے خطاب

جمعرات 22 جنوری 2015 23:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22جنوری۔2015ء ) آل پاکستان مسلم لیگ کے چئیرمین سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بری طرح فیل ہو چکی ہے بجلی، گیس ،پانی پہلے ہی موجود نہیں اور اب رہی سہی کسر پیٹرول نے نکال دی ہے۔ موجودہ حکومت اور سابقہ حکومت دونوں نے سوائے پاکستانی ادارے تباہ کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ بیڈ گورننس کا یہ عالم ہے کہ پاکستان میں ہر طرح کے وسائل موجودہ ہونے کے باوجود ملک میں ہر چیز کا مصنوعی بحران پیدا کر کے ذاتی فائدہ حاصل کرنے کی مضموم کوششیں کی جا رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل سیکرٹیریٹ میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے ڈویژن، ضلع، یوتھ، وومن ونگ کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد، سینئیر وائس پریزیڈنٹ نعیم طاہر، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیدہ افشاں عادل، وائس پریزیڈنٹ وومن ونگ مہرین ملک آدم، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری اسد محمود، فیڈرل کیپیٹل کے صدر راجہ حماد، مصطفی شاہ، حاجی مطلوب، اورنگزیب مہمند کے علاوہ فیڈرل کیپیٹل کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ میں خیبر پختونخواہ کے عہدیداران اور خیبر پختونخواہ کی عوام کے ساتھ سانحہ پشاور پر دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور اسکے خلاف مذمت کرنے کے لیے میرے پاس کوئی سخت سے سخت الفاظ موجود نہیں۔ ان دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے ہمیں پاک فوج کی مکمل حمایت کرنا ہوگی جو لوگ افواج پا کستان اور فوجی عدالتوں کے بارے میں افواہوں کا بازار سر گرم کیے ہوئے ہیں انکو معاشرے کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا۔

پاکستان کے حالات دیکھ کر مجھے انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ میرے دور سے لیکر اب تک چار گنا مہنگائی بڑھ چکی ہے اور ہر معاملے میں حکومت بری طرح فیل ہو چکی ہے اسکا یہ مطلب ہے پاکستان کے پاس وسائل نہیں۔ پاکستان کے پاس الحمد اللہ سب کچھ موجود ہے۔ ہمارے پاس وسائل بھی موجود ہیں اور صلاحیت بھی موجود ہے صرف ہمیں اچھی حکومت چاہیے، اچھی اور ایماندار لیڈر شپ چاہیے جس کے لیے ہمیں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

آل پاکستان مسلم لیگ بہت جلد تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی اور قوم کی جان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی باری سے چھڑائے گی چونکہ پی پی پی اور پی ایم ایل این نے سات سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں کہ آپ سب سے پاکستان کے لیے آل پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ ہیں