شمالی پنجاب میں آج بارش کی پیشگوئی، پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری

جمعرات 22 جنوری 2015 10:48

شمالی پنجاب میں آج بارش کی پیشگوئی، پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری

پشاور/لاہور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جنوری2015ء) خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، موسم کا حال بتانے والوں نے مری گلیات اور شمالی علاقہ جات کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں زیارت ، قلعہ عبداللہ ، سنجاوی اور موسیٰ خیل میں برف باری کی نوید سنا رکھی ہے۔ مری میں گزشتہ روز کی برفباری کے بعد سرد ہواؤں کا راج جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گھنیرے بادلوں کا راج ہے ، رات گئے شروع ہونے والا ہلکی بارش کا سلسلہ اب تھم چکا ہے ۔

راولپنڈی کے بعض علاقوں میں علی الصبح کہیں رم جھم اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ۔ لاہور میں سرد ہواؤں کے ساتھ موسم خنک ہے ، ہلکے سرمئی بادلوں کی اور سے سورج جھانکنے کی کوشش کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

بادلوں کے تیور بتا رہے ہیں کہ رم جھم اور کن من کا سلسلہ کسی بھی وقت شروع ہو سکتا ہے ۔ ملتان شہر اور گردونواح میں چھائے کالے بادلوں نے سردی کی شدت بڑھا دی ۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع آبر الود رہے گا تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ۔ صوبہ بلوچستان کے سرد علاقوں میں برف باری کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے ۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز کی برفباری کے بعد زندگی ٹھٹری رہی ۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 جبکہ قلات میں منفی 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بلوچستان کے علاقے زیارت،قلعہ عبداللہ ، سنجاوی اور موسیٰ خیل میں برف باری کی نوید سنا رکھی ہے ۔

قلات ، ہرنائی اور زیارت میں دو فٹ برف پڑ چکی ہے ۔ ژوب اور ساحلی علاقوں میں ابر کرم برس سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقاما ت پر جبکہ شمالی بلوچستان کوئٹہ ، ژوب ڈویژن ، بنوں ، ڈی آئی خان، ملتان ، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :