Live Updates

عمران خان افتخار محمد چوہدری جیسی شخصیات پر الزامات عائد کرکے سورج کو دو انگلیوں سے چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ،میر عبدالکریم نوشیروانی

بدھ 21 جنوری 2015 23:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور ان کے بیٹے ارسلان افتخار پر الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان افتخار محمد چوہدری جیسی شخصیات پر الزامات عائد کرکے سورج کو دو انگلیوں سے چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں افتخار محمد چوہدری کی شخصیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں انہوں نے پاکستان میں قانون کی بالادستی کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابل تعریف ہیں اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پاکستان میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے دور میں جو اقدامات اُٹھائے اور جو گراں قدر خدمات انجام دیں وہ پاکستانی تاریخ میں سنہرے حرو ف سے لکھی جائیں گی انہوں نے کہا کہ افتخار محمد چوہدری کو ان خدمات کے صلے میں بیرون ملک بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اس حوالے سے انہیں مختلف ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو افتخار محمد چوہدری پر الزامات عائد کرنا زیب نہیں دیتا اور ان کی شخصیت پر الزام عائد کرنا سیاسی نا پختگی کی علامت ہے عمران خان اپنے بیانات کا پینترے بدلنے کے باعث سیاسی میدان میں اپنا گراف بھی گراتے جارہے ہیں اور عوام میں ان کی مقبولیت بھی کم ہوتی جارہی ہے اب وہ ایسی شخصیات پر جنہوں نے ملک کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں اور اگر آج ملک میں انصاف کا کچھ بول بالا ہے تو اسی شخصیت کی مرہون منت ہے اگر اسے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جائے تو وہ قابل مذمت عمل ہے اس پر الزامات عائد کرکے وہ اپنا سیاسی قد بڑھا نہیں سکتے لہٰذا میرا انہیں مشورہ ہے کہ وہ ایسے بلا جواز، بے بنیاد الزامات سے باز آئیں اور اپنے گرتے ہوئے سیاسی گراف کو بچانے کیلئے حق و سچ کی آواز کو بلند کریں اور ایسی شخصیت کے خلاف الزامات عائد نہ کریں جنہوں نے حق و سچائی کا علم ہمیشہ بلند رکھا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات