فرانسیسی رسالے میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا،حکیم عبدالوحید،

عالمی استعمار نے امت مسلمہ پرتہذیبی یلغار کرتے ہوئے اسلامی شعائر کو ہدف بنایا ہوا ہے، 23جنوری کو فرانس اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

بدھ 21 جنوری 2015 23:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حکیم عبدالوحید نے کہا ہے کہ فرانسیسی رسالے میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا۔ عالمی استعمار نے امت مسلمہ پرتہذیبی یلغار کرتے ہوئے اسلامی شعائر کو ہدف بنایا ہوا ہے۔ 23جنوری کو فرانس اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نوجوان اور دیانتدار قیادت کو سامنے لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیراحمد خان سمیت الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی صدر نورالحق و دیگر بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبے کی تنظیمی و سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر صوبہ حکیم عبدالوحید نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلمان اپنی جان ، اولاد اور والدین سے زیادہ اپنے نبی ﷺ سے محبت کرتا ہے ۔ کوئی بھی مسلمان شانِ رسالت ﷺ میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔فرانسیسی رسالے نے حکومتی سرپرستی میں نبی مہربان ﷺ کے گستاخانہ خاکے شائع کرکے مسلمانوں اور شعائراسلام کے خلاف اپنی ذہنی پراگندگی کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انبیاء اور آسمانی کتابوں کی توہین دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر مغربی دنیا کے اسلام دشمن طرزِ عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔توہین رسالت ﷺ کے معاملے پر فوری طور پر OICکا اجلاس بلایا جائے ۔مسلم ممالک اس اہم ایشو پر مشترکہ حکمت عملی بنائیں اور متحد ہوکر اقوام متحدہ میں اس حوالے سے قرارداد منظور کروائیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرانس سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرکے اس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور فرانس کی مسلمانوں سے معافی مانگنے تک تعلقات بحال نہ کئے جائیں۔ حکیم عبدالوحید نے مزید کہا کہ صوبے میں جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپورانداز میں شرکت کرے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں نوجوان اور دیانتدار قیادت سامنے لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں اور تیاریوں کے سلسلے میں اضلاع کے نظم کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔