سندھ حکومت دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پربھر پور انداز میں عملددرآمد کررہی ہے، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی وزیراعظم کو بریفنگ ،

دہشت گرد اور سنگین جرائم میں ملوث مجرمان جن کی اپیلیں خارج اور معافی کی درخواستیں صدر پاکستان نے مستردکردیں انہیں جلد قوانین کے تحت پھانسی دی جارہی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں ایسے دہشت گرد جن کے جرائم کے کیس فوجی عدالتوں میں چل سکتے ہیں کی فہرست تیار کر لی گئی

بدھ 21 جنوری 2015 23:20

سندھ حکومت دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پربھر پور انداز میں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شا ہ نے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی)کے اجلاس جس کی صدارت بدھ کو اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان نے کی میں بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پربھر پور انداز میں عملددرآمد کررہی ہے اور ایسے تمام دہشت گرد اور سنگین جرائم میں ملوث مجرمان جن کی اپیلیں متعلقہ عدالتوں نے خارج اور معافی کی درخواستیں صدر پاکستان نے مستردکردیں انہیں جلد قوانین کے تحت پھانسی دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں ایسے دہشت گرد جن کے جرائم کے کیس فوجی عدالتوں میں چل سکتے ہیں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پہلے ہی سے ستمبر 2013 سے ٹارگیٹڈ آپریشن کے تحت دہشت گرد اور سنگین جرائم میں ملوث عناصرکے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور اس سلسلے میں حوصلہ افزاء نتائج بھی حاصل ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سنگین جرائم کی شرح میں 60 تا 65 فیصد تک کمی آئی ہے انہوں نے واضع کیا کہ باوجود اس کے 2 ملین سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کراچی میں رہائش پزیر ہیں جوکہ جرائم کا اہم سبب ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو سندھ کی سر زمین سے نکالنے کیلئے تعاون کرے اور اس سلسلے میں جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس کی مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود سندھ پولیس کو جدید اسلحہ وآلات ، بلٹ پروف گاڑیاں / جیکٹس / ہلمٹس اور جدید خطوط پر تربیت فراہم کی ہے جس پر اربوں روپے خرچ ہوئے ہیں انہوں نے اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے بھی کہا۔

وزیراعلیٰ سندھ سندھ منقسم پول اور آئل ، گیس کے وسائل سے صوبہ سندھ کو کم حصہ دینے پر بھی اپنے خدشات اور تشویش کا اظہار کیا اور وزیراعظم پاکستان پر زور دیا کہ و ہ سندھ حکومت کو منقسم پول سے اس کے مقررہ حصہ کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت کی مدد اور اس کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ وزیراعظم پاکستان نے صوبہ سندھ کی دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی جنگ جاری رکھے گی اور دہشت گردی کا مکمل طور پر قلع قمع کردیا جائیگا۔

وزیراعظم پاکستان نے وفاقی وزیر خزانہ سے کہا کہ وہ سندھ حکومت کی اتھارٹیز کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے فوری طور پر ان کے مالی مسائل کا تدراک کریں ۔ وزیراعظم پاکستان نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائیگا اور صوبہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جائیگا۔